پرِنٹ کیجئے
محفوظ کیجئے
بھیجئے
پیر 15 ربيع الثاني 1429هـ - 21 اپریل 2008م
پاکستانی علاقے میں کارروائی
"ملکی حدود میں کارروائی اختیار صرف پاکستانی فوج کو ہے"
 

اسلام آباد . ایجنسیاں

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے صدر مشرف سے ملاقات کی۔ صدر مشرف نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستانی حدود میں کارروائی کا اختیار صرف پاکستانی فورسز کو ہی ہے جبکہ ڈیوڈ ملی بینڈ کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں سے مذاکرات سے دہشت گردی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے صدارتی کیمپ آفس میں صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات،مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے،علاقائی صورتحال اور دہشت گردی سمیت تمام امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق صدر مشرف نے کہا کہ مغربی اور بیرونی میڈیا میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے جیسے پاکستانی علاقوں میں اتحادی افواج کو کاروائی کی اجازت ہے جو سرا سر غلط ہے۔

صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رہے گا کیوں کہ یہ جنگ پاکستان ملکی مفاد میں لڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے لیے پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے۔دونوں رہنماؤں میں سیاسی،اقتصادی،صنعتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ برطانیہ اور عالمی برادر ی پاکستان کے قبائلی علاقوں اور سرحدوں میں امن و امان کا قیام چاہتے ہیں جس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ برطانیہ ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں سے مذاکرات کی پاکستانی پالیسی کی حمایت کرتاہے ،اس عمل سے دہشت گردی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ سرحد کے عوام متاثر ہو رہے ہیں جنہیں اس سے نجات دلانے کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔برطانوی وزیر خارجہ نے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

واپس اوپر
مضمون پر نقطہء نظر
 تبصرہ کیجئے

نام: 

موضوع: 

مندرجات: