نیویارک. ایجنسیاں
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ عراق جنگ کو منطقی انجام تک نہ پہنچایا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔یہ بات انہوں نے نیویارک کی ویسٹ پوائنٹ فوجی اکیڈمی میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
رابرٹ گیٹس نے اعتراف کیا ہے کہ امریکا نے افغانستان سے روس کو باہر نکال کر القاعدہ کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کی اوراب عراق میں ایسی غلطی نہیں دہرائی جائے گی ۔ رابرٹ گیٹس نے کہا کہ عراق جنگ کو منطقی انجام تک نہ پہنچایا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ، مزید ایسی جنگوں اور خطرے سے بچنے کے لیے امریکا کو بھاری جانی و مالی نقصان کی قیمت پر بھی عراق میں لڑائی جاری رکھنا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ جہادی نیٹ ورکس امریکا کو چین سے رہنے نہیں دیں گے اور امکان ہے کہ دنیا کے مختلف حصوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ مسلسل کئی برس جاری رہے۔ رابرٹ گیٹس نے الزام عائد کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی تگ و دو میں لگا ہوا ہے تاہم اس کے خلاف طاقت کا استعمال کئی حوالوں سے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے ۔ |
