پشاور۔۔ایجنسیاں
پاکستان اور افغانستان سرحد سے منسلک علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں ایک مذہبی تنظیم کے دفتر میں خود کش حملہ ہوا،جس میں حملہ آور ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ حملے میں دس افراد کے جاں بحق ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق تحصیل باڑہ میں امر باالمعروف ونہی عن المنکر کی تنظیم کے دفتر میں ایف ایم ریڈیوپر درس جاری تھا کہ اس دوران سترہ سالہ نوجوان لڑکے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
مقامی قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے پشاور کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ باڑہ کی مذہبی تنظیم امر باالمعروف ونہی عن المنکر کے امیر حاجی نامدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خود کش حملہ آور انھیں دھماکے سے اڑانا چاہتا تھا۔
حاجی نامدار کے مطابق درس کے وقت تنظیم کے دفتر میں باڑہ کے قمبر خیل قبائل کے سیکڑوں افراد موجود تھے۔ حاجی نامدار کا کہنا ہے کہ حملے میں صرف خودکش حملہ آور ہی ہلاک ہوا ہے۔ جب کہ دس سے پندرہ افراد صرف زخمی ہوئے ہیں۔
