مقبوضہ بیت المقدس ۔ ایجنسیاں
اسرائیلی پولیس نے صہیونی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت شروع کر دی۔ ایک اسرائیلی اخبار کے مطابق ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک امریکی تاجر سے ایک سودے میں بھاری کمیشن حاصل کیا ہے۔
اولمرٹ کو پہلے ہی کافی الزامات کا سامنہ ہے، تاہم اخبار کے مطابق حالیہ الزام ان کے وزارت عظمی سے پہلے کے دور کا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف گواہی دیتے ہوئے کمیشن پیش کرنے والے امریکی تاجر نے کہا ہے کہ انہوں نے اولمرٹ کو بھاری کمیشن دیکر اپنا کام کرایا ہے۔ امریکی تاجر نے حالیہ دورہ کے دوران اسرائیل میں صہیونی حکام کے سامنے تفتیش کے دوران یہ انکشاف کیا۔
کثیرالاشاعت اسرائیلی اخبار معاریف نے اپنی حالیہ اشاعت میں کہا ہے کہ اولمرٹ کے خلاف الزامات کی تفتیش کی نگرانی نیشنل فراڈ اسکواڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ کمانڈر شالومی ایالون کریں گے۔ وزیر اعظم کے ترجمان کے مطابق جمعہ کے صبح شالومی نے ان سے ایک گھنٹہ تفتیش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اٹارنی جنرل مناحیم معزوز نے ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے کرپشن کے اس مقدمے کی سماعت کا اہتمام ایہود اولمرٹ کی رہائش گاہ پر کیا۔ ان پر ممکنہ کرپشن کے حوالے سے پولیس نے تین چالان تیار کر رکھے ہیں۔ اولمرٹ پرسود، دھوکہ دہی سے جائیداد حاصل کرنے اور سرکاری تقرریوں میں اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرنے جیسے الزامات عائد ہیں۔
