لبنانی حکومت کا کریک ڈاؤن کھلا اعلان جنگ ہے: حسن نصر اللہ
جھڑپوں میں دس افراد ہلاک اور 20 افراد زخمی
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اپنے حمایتوں کے خلاف لبنانی حکومت کے کریک ڈاؤن کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم ہتھیار اٹھانے کے لئے تیار ہے۔
حسن نصر اللہ نے لبنان حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں کے دوسرے روز اپنے شعلہ بیان خطاب میں کہا کہ حکومت کا کریک ڈاؤن دراصل اسرائیل اور امریکہ کی نیابت میں لبنانی عوام کے خلاف کھلا اعلان جنگ ہے۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حکومت مخالف احتجاج کے بعد پرتشددہنگامے پھوٹ پڑے ہیں اور حزب اﷲ کے مسلح کارکنوں اور حکومت کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں جس میں ابتک دس افراد ہلاک جبکہ کئی درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
لبنان کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق شہر کے دو علاقوں میں لڑائی ہورہی ہے۔ لڑائی حزب اﷲ کی حامی لیبر یونین کی جانب سے ماہانہ اجرتوں میں اضافے کے لئے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد شروع ہوئی-
بیروت میں کشیدگی کی وجہ سے حکام نے رفیق حریری انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند کرکے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں جس کے بعد لبنان کا دنیا سے فضائی ربطہ منقطع ہو گیا ہے-
مظاہرین نے گزشتہ روز سے ائیرپورٹ جانے والی شاہراہ بند کررکھی ہے-اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ اگر شام اور حزب اللہ لبنان میں جاری بحران کے حل کے لئے اقدامات نہیں کرتے تو سلامتی کونسل کو ان کے خلاف اضافی پابندیوں پر غور کرنا چاہئے-