غزۃ ۔ ایجنسیاں
امریکی صدر جارج بش کی اسرائیل آمد کے موقع پر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے عسقلان شہر پر راکٹ حملے کئے ہیں جس میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ صدر بش قیام اسرائیل کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لئے تین روزہ دورے پر تل ابیب پہنچے۔
راکٹ عسقلان شہر کے ایک شاپنگ مال میں گرے۔ راکٹ حملے میں زخمی ہونے والے ایک مضروب کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے، بہت سے لوگ ملبے تلے دب گئے جنہیں باہر نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حملے سے چند لمحے قبل اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے حماس پر راکٹ حملے بند کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ حملے بند نہ کئے گئے توانہیں صہیونی ریاست کی جانب سے بڑی فوجی کارروائی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
امریکی صدر جارج بش سے اپنی ملاقات کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایہود اولمرٹ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حماس اسرائیل کو وہ اقدامات اٹھانے پر مجبور نہیں کرے گی کہ جنہیں اجتک صہیونی ریاست نے استعمال نہیں کیا۔
قیام اسرائیل کی سالگرہ کو فلسطینی ایک بڑی تباہی کی یادگار کے طور پر یاد کرتے ہیں کہ جب امریکی اور استعماری طاقتوں کی پشت پناہی سے اسرئیلی فوج نے ساڑھے سات لاکھ فسلطینیوں کو ان کے گھروں سے باہر نکال دیا کو دینا بھر میں دربدری کی ٹھوکریں کھانےپر مجبور ہیں اور ان کی ایک بڑی تعداد غزہ میں مشکل ترین حالات میں کاروبار زندگی کی تکمیل کر رہی ہے۔
صدر بش علاقے کے تین روزہ دورے کے موقع پر مصروف دن گذاریں گے۔
