پرِنٹ کیجئے
محفوظ کیجئے
بھیجئے
بفته 06 رمضان 1429هـ - 06 ستمبر 2008م
پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی
آصف علی زرداری پاکستان کے نئے صدر منتخب
آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 702 میں سے 481ووٹ حاصل کئے
 

اسلام آباد.ایجنسیاں

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین اور سابق وزیراعظم مقتول بے نظیر بھٹو کے خاوند آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں.

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آصف زرداری نے 481 ووٹ حاصل کئے .ان کے قریب ترین حریف مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چیف جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی رہے جنہوں نے 153 ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم لیگ(ق) کے امیدوار سید مشاہد حسین کے حق میں 44 ووٹ ڈالے گئے.

اتوار کی رات چیف الیکشن کمشنر قاضی محمد فاروق نے پاکستان کے بارہویں صدر کے انتخاب کے حتمی سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 281 ، پنجاب اسمبلی سے 22 ، سندھ اسمبلی سے 63 ، سرحد اسمبلی سے 56 اور بلوچستان اسمبلی سے 59 ووٹ ملے ہیں ۔

مسلم لیگ نواز کے امیدوار ریٹائرڈ جسٹس سعید الزمان صدیقی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 111 ، سندھ اسمبلی سے صفر ، سرحد سے پانچ ، بلوچستان سے دو اور پنجاب سے اسمبلی سے پینتیس ووٹ ملے۔

مسلم لیگ ق کے صدارتی امیدوار مشاہد حسین سید کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 34 ، پنجاب اسمبلی سے 6 ، سرحد اور بلوچستان اسمبلی سے دو دو ووٹ ملے جبکہ وہ سندھ اسمبلی سے کوئی ووٹ حاصل نہیں کر سکے۔

سرکاری نتائج کے مطابق کل پچیس الیکٹورل ووٹ ضائع ہوئے جن میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے دس ، پنجاب اسمبلی کے دس ، سندھ اسمبلی کا ایک ووٹ اور سرحداسمبلی کے چار ووٹ شامل ہیں جبکہ بلوچستان اسمبلی کا کوئی ووٹ ضائع نہیں ہوا۔

صدر کے انتخاب کیلئے سینیٹ ،قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوئی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آبادمیں چیف الیکشن کمشنراور ریٹرننگ آفیسر جسٹس (ر) قاضی محمد فاروق نے رائے شماری سے قبل سینٹ اورقومی اسمبلی کے ارکان کو ووٹ ڈالنے کے طریق کار سے آگاہ کیا، جس کے بعد انگریزی حروف تہجی کی ترتیب سے ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

اسلام آباد میں سینیٹ اور قومی اسمبلی اور لاہور، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ میں صوبائی اسمبلیوں میں پانچ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے،جہاں صبح دس بجے پولنگ شروع ہوئی.

صدارتی انتخاب کے موقع پراسلام آبادمیں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ پارلیمنٹ ہاٶس کے ارد گرد اور اندر پولیس کے ساتھ رینجرزکو بھی تعینات کیا گیاتھا.

قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوا۔ جس میں پہلی بار متحدہ قومی موومنٹ بھی شریک ہوئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی خان، جے یو آئی، آزاداور فاٹا کے بعض ارکان بھی اجلاس میں شریک تھے.

پارلیمنٹ ہاٶس کے آس پاس آصف علی زرداری کی بڑی بڑی تصاویر اور بینر لگائے گئے ، جن پر انہیں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی پیشگی مبارکباد دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کےسابق صدر پرویزمشرف 18 اگست کو حکمران اتحاد کی جانب سے مواخذے کی تحریک کا مقابلہ کرنے کے بجائے شدید سیاسی دباٶ کے بعد مستعفی ہوگئے تھے .تجزیہ کاروں کے مطابق نئے صدر اور حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے محاذ اور معاشی میدان میں زبردست چیلنجوں کا سامنا ہوگا جبکہ روزافزوں مہنگائی کی وجہ سے عوام بھی نئی حکومت سے کوئی زیادہ خوش نہیں ہیں.

واپس اوپر
مضمون پر نقطہء نظر
 تبصرہ کیجئے

نام: 

موضوع: 

مندرجات: