دبئی.العربیہ.نیٹ.ایجنسیاں
یورپ کی چاربڑی اقتصادی قوتوں کے رہ نما ہفتہ کو پیرس میں عالمی اقتصادی بحران کے اثرات سے نمٹنے کے لئے مذاکرات کر رہے ہیں جبکہ دنیا بھر میں امریکی کانگریس کی جانب سے 700ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری کا خیر مقدم کیا گیا ہے.
فرانس کے صدر نکولاسرکوزی نے اس ہفتے مالیاتی اداروں کے لئے امدادی پیکج کی تجویز پیش کی ہے اور نیدرلینڈز کی حکومت نے یورپی حکومتوں کی جانب سے مالیاتی بحران کا شکار اداروں کے لئے 416 ارب ڈالرز کی رقم مختص کرنے کے سلسلہ میں بات چیت کی ہے.
تاہم جرمنی اور برطانیہ نے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے اور توقع ہے کہ اب پیرس مذاکرات میں مالیاتی بیل آٶٹ کے سلسلہ میں یورپی طاقتوں کے درمیان روابط کو بہتر بنانے پرغورکیا جارہا ہے.
لیکن اس دوران یورپی بینکرز بھی امریکا کی طرز پر بحران کا شکار مالیاتی اداروں کے لئے امدادی پیکج کی توقع کئے بیٹھے ہیں لیکن انہیں شاید برطانیہ جرمنی،فرانس اور اٹلی کے رہ نماٶں کے اجلاس کے نتائج سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑے.
درایں اثناء جرمنی کے اقتصادی امور کے وزیر مائیکل گلاس نے بھاری مشاہرے پانے والے بنک کاروں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں کسی حکومت کی جانب سے امدادی پیکج کی توقع رکھنے کے بجائے اپنے معاملات کو بہتر بنانا چاہئے.
ایک اخباری انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ''بنکوں میں اعتماد نہیں ہے اور یہی بات مالیاتی بحران کی بنیادی وجہ ہے.اس صورت حال میں حکومتوں کو ٹیکس دہندگان کی رقوم کو داٶ پر لگانے کا کوئی جواز نظر نہیں آتا''.
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑے مغربی ممالک کے مرکزی بنکوں .......بشمول ای سی بی ،امریکا کے فیڈرل ریزرو اور بنک آف انگلینڈ .......کی جانب سے مربوط طریقے سے قرضوں پر شرح سود میں کمی کر کے اس مالیاتی بحران سے نمٹا جاسکتا ہے.
 |
عالمی رد عمل درایں اثناء وال سٹریٹ کے لئے 700ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کا دنیا بھر میں خیر مقدم کیا گیا ہے اور اسے ایک ضروری اور ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا گیا ہے.
فرانس کی اقتصادی امور کی وزیر کرسٹائن لاگاردے نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے بیل آٶٹ پلان سے بہت خوش ہیں،کیونکہ ایسا اقدام ناگزیر تھا.
برسلز میں یورپی کمیشن کے سربراہ ہاٶزے مینول براسو نے کہاکہ امریکی قانون سازوں نے مالیاتی بحرانی سے نمٹنے کے لئے امدادی پروگرام کو منظور کر کے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے.
ان کا مزید کہنا تھاکہ 27 رکن ممالک پر مشتمل یورپی یونین نے اس پورے بحران کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو قبول کیا ہے اور وہ ایسا کرتی رہے گی''.
ایشیائی معیشتوں کی طاقت کے مرکزچین کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے مالیاتی بحران کے دوران ہونےو الی پیش رفت اور ان کے اثرات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے .
پیپلز بنک چائنا کے ترجمان کے حوالے سے بیان میں سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ چینی حکومت امریکا میں امدادی پیکج کی منظوری کا خیر مقدم کرتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ اس پرجتنا جلد ممکن ہوا،عمل درآمد کیا جائے گا اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے.
چین کے مرکزی بنک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا ایک مستحکم مالیاتی مارکیٹ کو برقرار رکھنے کے لئے ایک جیسے مفادات رکھتے ہیں.
امریکا کے ایوان نمائندگان نے جمعہ کودوسری کوشش میں وال سٹریٹ کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے 700 ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے.
امدادی پیکج کے تحت کئی ارب ڈالرز کا وفاقی پروگرام تشکیل دیا جائے گا جس کے تحت امریکا کا محکمہ خزانہ مالیاتی صنعت کے زوال کا سبب بننے والے اربوں ڈالرز کے ڈوبے ہوئے قرضے اور دوسرے اثاثے خرید سکے گا. |
