پاکستان:امریکا کے تازہ میزائل حملے میں چودہ افراد جاں بحق
القاعدہ کے سات کارکن اورایک مقامی طالبان کمانڈر ماراگیا:حکام
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کے روز امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں چودہ افرد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ امریکی فوج کی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل ڈیوس پیٹرس نے کہا ہے کہ حالیہ حملوں میں جنگجوٶں کے تین رہ نما بھی مارے گئے ہیں .
اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے 35 کلومیٹر دورواقع گاٶں کم شام میں ایک کمپاٶنڈ پر چارمیزائل فائر کئے گئے جس سے کمپاٶنڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا.
فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملے میں جنگجوٶں کا کوئی بڑا رہ نما بھی جاں بحق ہواہے یا نہیں.تاہم انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق میزائل حملے میں القاعدہ کے سات کارکن اور ایک مقامی طالبان کمانڈر ماراگیا ہے.
انٹیلی جنس حکام کے مطابق جنگجو اس کمپاٶنڈ کو تربیتی مقاصد کے لئے استعمال کر رہے تھے.پاکستان کے ایک انٹیلی جنس افسر نے گاٶں کا دورہ کرنے والے اپنے ایک ایجنٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر کہا ہے کہ حملے میں تیرہ جنگجو مارے گئے ہیں.
افسر کا کہنا تھا کہ جس مکان کو نشانہ بنایاگیاوہ ایک مقامی طالبان کمانڈر کا ملکیتی تھا اور حکام ابھی تک اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حملے میں کون کون لوگ مارے گئے ہیں.
امریکا کے تازہ میزائل کا نشانہ بننے والےکم شام گاٶں میں وزیر قبائل کی اکثریت ہے اوریہ جنوبی وزیرستان کی سرحد کے قریب واقع ہے.
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے اگست سے اب تک پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں اٹھارہ میزائل حملے کرچکے ہیں جن میں دوسوسے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں.
درایں اثناء امریکا کی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریس نے جمعرات کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کے علاقوں پر حالیہ فضائی حملوں میں جنگجوٶّں کے تین اہم رہ نما بھی مارے گئے ہیں.
امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ نے اسی ہفتے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس موقع پر ان سے پاکستان کی قیادت نے سرحد پار سے فضائی حملے روکنے کا مطالبہ کیا تھا . لیکن انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو دوسرے امریکی حکام کے ساتھ اٹھائیں گے لیکن انہوں نے حملے روکنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا جبکہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور شہری حلقوں کی جانب سے امریکی حملوں کے خلاف شدید احتجاج کیا جا رہا ہے.