پاکستان:امریکا کے میزائل حملے میں بارہ جاں بحق

امریکا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کررہا ہے:دفترخارجہ

نشر في:

پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کو علی الصباح امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں بارہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں.

پاکستان کےایک سکیورٹی عہدے دار نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر واقع گاٶں میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے اور حملے میں مارے جانے والوں میں نو غیر ملکی بھی شامل ہیں.

انٹیلی جنس حکام کے مطابق رات دوبجے کے قریب شمالی وزیرستان کے گاٶں گڑھی وام میں ایک مکان پر تین میزائل فائر کئے گئے.تاہم حملے میں جاں بحق ہونے والے غیر ملکیوں کی شناخت کے بارے میں فوری طور پرکچھ نہیں بتایا گیا.

پاکستان کی جانب سے امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں پر شدید احتجاج کے باوجود افغانستان کی سرحدکے ساتھ واقع قبائلی علاقوں پران حملوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے.

تازہ حملہ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے اس بیان کے ایک روز بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکا پاکستانی علاقوں پرمیزائل حملے کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے.

پاکستان کی قیادت متعدد مرتبہ ان حملوں کی مذمت کر چکی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ان سے امریکا کے خلاف لوگ میں اشتعال پھیل رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کی حمایت کرنے کے لئے اس کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے.

واضح رہے کہ افغانستان میں معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کی زیر قیادت فورسز کےکمانڈر جنرل ڈیوڈمیکیرنن نے جمعرات ہی کو اسلام آباد کا دورہ کیا ہے اورانہوں نے امریکی سفارت خانےمیں پاکستانی پارلیمنٹ کے بعض ارکان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں اتحادی فوج کی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی تھی لیکن جب ان سے ارکان پارلیمنٹ نے امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں کے بارے میں سوال کئے تو انہوں نے ان سے متعلق لاعلمی کااظہارکیا تھا اور یہ کہا تھا کہ وہ یہ حملے نہیں رکوا سکتے.