پرِنٹ کیجئے
محفوظ کیجئے
بھیجئے
بفته 24 ذو القعدة 1429هـ - 22 نومبر 2008م
امریکا کے تازہ میزائل حملے میں پانچ جاں بحق
پاکستان:ڈرون حملے میں برطانیہ کو مطلوب جنگجو راشد رٶف مارا گیا
راشد رٶف پر لندن اور امریکا جانے والے مسافر طیاروں کو مائع بموں سے اڑانے کی سازش کی منصوبہ بندی کا الزام تھا.فائل
 

میران شاہ،پاکستان.ایجنسیاں

پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ہفتہ کو علی الصباح امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے تازہ میزائل حملے میں مفرور پاکستانی نژاد برطانوی شہری راشد رٶف سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں.

میزئل حملے میں برطانیہ کو مطلوب القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجو راشد رٶف کے مارے جانے کی اطلاع پاکستان کے دوٹیلی ویژن چینلزجیو اوراے آروائی ون ورلڈ نے دی ہے .وہ دسمبر 2007ء میں اسلام آباد کی ایک عدالت میں اپنے کے خلاف برطانیہ بدری کے مقدمہ کی سماعت کے لئے پیشی کے دوران فرار ہوگئے تھے،تاہم سرکاری طور پر ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی.

پاکستان کے دو انٹیلی جنس عہدے داروں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے قریب واقع گاٶں علی خیل میں پاکستانی طالبان کے کمانڈر خلیق نور کے مکان کو دومیزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے اور اس میں چار غیرملکی اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوا ہے اور چھے افراد زخمی ہوئے ہیں.انٹیلی جنس حکام نے حملے میں مارے جانے والے ایک عرب کا نام ابوالزبیر المصری بتا یا ہے.دوسرے افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی.

یاد رہے کہ راشد رٶف کو اگست 2006ء میں پاکستان میں لندن اور امریکا جانے والے مسافر طیاروں کو مائع بموں سے تباہ کرنے کی سازش تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا.

راشد رٶف پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھا.وہ 2002ء میں برطانیہ میں اپنے ایک چچا کو قتل کرنے کے بعد پاکستان آگیا تھا اوراس نے کالعدم جہادی تنظیم جیش محمد کے رہ نما مسعود اظہرسے تعلقات استوارکر لئے تھے اور انہی کے رشتہ داروں میں شادی کرلی تھی.

پاکستان کی جانب سے امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں پر شدید احتجاج کے باوجود افغانستان کی سرحدکے ساتھ واقع قبائلی علاقوں پران حملوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے.

تازہ میزائل حملہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اس بیان کے دوروزبعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے علاقوں میں امریکا کے بغیرپائیلٹ جاسوس طیاروں کے حملے ناقابل برداشت ہیں .

جمعرات کو پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ سرحد کے ضلع بنوں میں بدھ کو امریکی جاسوس طیارے کے میزائل کی شدید مذمت کی .حملے میں چھے افراد جاں بحق ہوگئے تھے .وزیراعظم نے کہا کہ ان حملوں کی وجہ سے ہمارے لئے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے.یہ ناقابل برداشت ہیں اور ہم ان کی حمایت نہیں کرتے.

واضح رہے کہ پاکستان کی قیادت متعدد مرتبہ ان حملوں کی مذمت کر چکی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ان سے امریکا کے خلاف لوگ میں اشتعال پھیل رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لئے اس کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے.جمعرات کو اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے ان حملوں پر احتجاج کیا گیا تھا.

امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں نے گذشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بیس سے زیادہ حملے کئے ہیں جن میں تین سوکے قریب افراد جاں بحق ہوچکے ہیں. بدھ کوقبائلی علاقوں سے باہر اوربندوبستی ضلع بنوں میں امریکا کا پہلا میزائل حملہ تھا.

اس میزائل حملے کے بعد شمالی وزیرستان تعلق رکھنے والے جنگجوٶں نے دھمکی دی تھی کہ وہ اس کے انتقام میں غیر ملکیوں اور پاکستانی اہداف کو نشانہ بنائیں گے.بنوں میں ہفتہ ہی کو جنگجوٶں نے پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا اور فائرنگ کی جس سے تین اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں.ایک پولیس افسر محمد جمیل نے بتایاہے کہ پولیس نے بھی جواب میں فائرنگ کی لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.

واپس اوپر
مضمون پر نقطہء نظر
 تبصرہ کیجئے

نام: 

موضوع: 

مندرجات: