ممبئی میں دہشت گردی کے بعد بھارت نے ایئر ڈیفنس ہائی الرٹ کر دیا

پاکستان نے مغربی سرحد سے فوج واپس بلانے کی دھمکی دیدی

نشر في:

ممبئی میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے بعد بھارت نے اپنے ایئر ڈیفنس نظام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ پاکستان کی عسکری قیات نے صحافیوں کے ایک گروپ کو بتایا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دانستہ طور پر کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے لئے عسکری ذرائع نے لفظ ESCALATIONاستعمال کیا۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھرجی کی جانب سے ممبئی کے واقعات کے بعد پاکستان حکام کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ہیں۔ ان تمام واقعات کے تناظر میں پاکستان نے امریکا اور نیٹو پر واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت نے الزام تراشیاں بند نہ کیں تو پاکستان کے پاس اس اقدام کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا کہ وہ اپنی مغربی سرحدوں پر موجود ایک لاکھ سے زاید فوجوں کو واپس بلا لے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی ترجیح نہیں رہیگی۔

پاکستانی فوجی ذرائع کے مطابق امریکا اور نیٹو پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت میں کشیدگی جاری رہی تو زیادہ نقصان بھارت کا ہوگا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں اس امر کا عندیہ دیا گیا ہے کہ شاید مغربی علاقوں سے پاک افواج کو واپس بلایا جا رہا ہے۔

عسکری ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت کے اندر دہشت گردوں کا ایک ایسا مضبوط گروپ موجود ہے جس کے پاس 60 ہزار مسلح افراد موجود ہیں۔ ان واقعات کے پس منظر میں بھارت کو الزام لگانے کی بجائے اپنے ہی ملک میں سراغ لگانا چاہیئے۔

داریں اثنا پاکستان کی طرف سے بھارتی مطالبے پر پاکستان فوج کے انٹلیجنس ادارے (انٹر سروسز انٹلیجنس ۔ آئی ایس آئی) کے سربراہ میجر جنرل شجاع پاشا کو ممبئی بم دھماکوں کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کے لئے بھارت بھجوانے کے فیصلے کی عوامی اور عسکری حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں ہونے والی ان تحقیقات میں مدد کے لئے اب شاید آئی ایس آئی کے کسی ڈائریکٹر کو بھجوایا جائے گا۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد راتوں رات فیصلہ تبدیل کرنے کی اس روش کو قیادت کے بحران سے تعبیر کر رہے ہیں۔