مینگورہ.پاکستان .ایجنسیاں
پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبہ کی وادی سوات میں سوموار کوایک خودکش کاربم دھماکے میں نوافراد جاں بحق اور پچاس زخمی ہوگئے ہیں.
ایک سکیورٹی عہدے دار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ وادی کے مرکزی شہر مینگورہ میں حملہ آور نے ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا.حملے میں مرنے والے تمام افراد عام شہری ہیں اور صرف ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا ہے.
عہدے دار نے بتایا کہ کار میں سوار حملہ آور گاڑیوں کی قطار سے آگے نکل کرچیک پوسٹ کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اس کی گاڑی درمیان میں دھماکے سے پھٹ گئی.مینگورہ کے مرکزی ہسپتال کے ڈاکٹر لال نور نے بتایا ہے کہ ان کے پاس نولاشیں اور 49زخمی لائے گئے ہیں.
پاکستان میں وادی سوات اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں سکیورٹی فورسز مسلح جنگجوٶں سے نبردآزما ہیں .وہاں روزانہ ہی تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کو مسلح جنگجوٶں کے حملوں کا سامنا ہے.جولائی 2007ء سے اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں میں 15 سو کے قریب افراد جاں بحق ہوچکے ہیں.
درایں اثناء سوموار ہی کو صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاورکے قریب افغانستان میں مغربی فوجوں کے لئے رسد کا سامان لے جانے والے ٹرکوں پر فائرنگ اور دستی بموں کے حملے میں دوڈرائیور جاں بحق ہوگئے ہیں.
