پٹنا (بھارت) ۔ ایجنسیاں
مشرقی بھارت کی ایک ریاست میں کسانوں نے طویل خشک سالی سے تنگ آ کر اپنی جواں سال کنواری بیٹیوں سےعریاں حالت میں کھیتوں میں ہل چلوائے۔ سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہندو عقیدے کے مطابق کسانوں نے یہ اقدام بارش برسانے والے دیوتا کو شرمسار کرنے کی خاطر اٹھایا ہے۔
عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ "بہار کی ریاست میں عریاں لڑکیوں نے کھیتوں میں ہل چلائے اور غروب آفتاب کے بعد قدیمی گیت گئے تا کہ بارش برسانے والے دیوتا کی غیرت جوش میں آئے اور فصلوں کو درکار مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکے۔ عینی شاہدوں نے بتایا کہ "گاوں کی بڑی بوڑھیوں نے نوجوان لڑکیوں کی ہل چلانے میں مدد کی۔"
بہار کے دور افتادہ بانکے بازار ٹاون کی یونین کونسل کے رکن یوپندرا کمار کے مطابق "دیہاتیوں کا عقیدہ ہے کہ ان کے اس فعل سے موسم کا دیوتا شرمسار ہو گا، جو نیتجتا بارش برسائے گا جس سے فصلوں کا جھاڑ بہت زیادہ ہو گا۔"
علاقے میں اسے انتہائی باعتماد معاشرتی رواج سمجھا جاتا ہے اوردیہاتیوں نے عہد کر رکھا ہے کہ وہ بارش کی آمد تک یہ پریکٹس جاری رکھیں گے۔
بھارت میں ان دنوں مون سون کی بارشوں میں تاخیر کے باعث ملک شدید خشک سالی کا شکار ہے، اس صورتحال میں متعدد ریاستوں میں قحط پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ آٹھ دہائیوں میں بھارت میں ایسی خشک سالی پہلی بار دیکھی گئی ہے۔
