اسرائیل کا ایران کے ساتھ خفیہ جوہری مذاکرات کرنے کا اعتراف

تہران نے خفیہ مذاکرات کی تردید کر دی

نشر في:

اسرائیل کے جوہری توانائی کمیشن کے ایک عہدے دارنے ایک ایرانی عہدے دار کے ساتھ متعدد خفیہ ملاقاتیں کی ہیں جن میں خطے میں جوہری ایشوز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہے.

یہ انکشاف اسرائیل کے جوہری توانائی کمیشن کی خاتون ترجمان یائیل دورون نے ایک بیان میں کیا ہے.انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو جمعرات کو بتایا کہ''ہمارے کمیشن کے ایک نمائندے اور ایک ایرانی عہدے دار کے درمیان علاقائی تناظر میں متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں''.

ترجمان نے بتایا کہ ان ملاقاتوں کا آسٹریلیا نے اہتمام کیا تھا اور یہ تمام کی تمام بند کمرے میں ہوئی ہیں.لیکن دوسری جانب ایران کے جوہری توانائی ادارے نے صہیونی ریاست کے اس دعوے کے تردید کی ہے کہ ایرانی اور اسرائیلی ماہرین نے علاقائی جوہری ایشوز پر کوئی خفیہ بات چیت کی ہے.

ایران کے جوہری توانائی ادارے کے ترجمان علی شیر زیدیان نے کہا ہے کہ''یہ جھوٹ بھی اس نفسیاتی آپریشن کی ایک قسم ہے جو جنیوا اور ویانا میں ہونے والے اجلاسوں میں ایران کی کامیاب سفارتکاری پر اثر انداز ہونے کے لئے مستقل طور پر کیا جا رہاہے''.

اسرائیلی خاتون ترجمان نے ایرانی اور صہیونی عہدے دارکے درمیان ملاقاتوں کی تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے لیکن اسرائیلی روزنامہ ہارٹز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق حکام نے مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک علاقہ بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے.1979ء میں شاہ ایران کی حکومت کے خاتمہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کسی براہ راست رابطے کا انکشاف کیا گیا ہے.

اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی جوہری ادارے کے آرمز کنٹرول اور پالیسی ڈائریکٹر میریف اوڈیز اور ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے میں ایران کے سفیر علی اصغر سلطانیہ کے درمیان قاہرہ میں ستمبر میں بھی کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں.

تہران کی تردید

ادھر ایران کی ایٹمی ایجنسی کے ترجمان علی شیرازادیان نے تہران اور تل ابیب کے درمیان نیوکلئیر ایشو پر خفیہ مذاکرات کی تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل ۔ ایران خفیہ نیوکلئیر مذاکرات کے بارے میں من گھڑت اور بے بنیاد خبریں اس نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں کہ جو مخالفین نے ویانا اور جینیوا میں نیوکلیئر معاملے پر تہران کی سفارتکاری سے خائف ہو کر شروع کر رکھی ہے۔