اسلام آباد ۔ العربیہ۔نیٹ
پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سرحد کے سنگم پر واقع کامرہ میں ایئرو ناٹیکل کمپلکس کی پہلی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر جمعہ کی صبح ایک خود کش بم حملے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ حکام ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق خود کش حملہ آور سائیکل پر سوار تھا۔ سکیورٹی چوکی پر اہلکار اس کی تلاشی لے رہے تھے کہ اس دوران بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ضلع اٹک کے پولیس سربراہ ڈی پی او فخر سلطان راجا کے مطابق خود کش حملے میں سات افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں پانچ شہری اور دو سیکورٹی اہلکار ہیں ۔ڈی اپی او کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کا مسخ شدہ چہرہ اور دوسرے اعضاء مل گئے ہیں.
پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ پنجاب کے علاقے کامرہ میں پاک فضائیہ کے ایئرو ناٹیکل کمپلکس کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ کامرہ، وفاقی دارالحکومت سے پچہتر کلومیٹر کی مسافت اہم فوجی چھاونی ہے۔ یہ سیکیورٹی پوسٹ جی ٹی روڈ پر کامرہ ایروناٹیکل کمپلیکس کی طرف جانے والے راستے پر قائم کی گئی تھی۔ اس چوکی پر پولیس اور پاک فضائیہ کے اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔
خود کش حملے کے بعد سیکورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو کامرہ کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پاک فضائیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پندرہ سکیورٹی اہلکاروں کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے.بیان میں دواہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے.
پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کامرہ میں خودکش بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹے گی.
کامرہ میں خودکش بم حملے کی فوری طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن شواہد سے یہ حملہ تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوٶں کی انتقامی کارروائی ہی معلوم ہوتا ہے جنہوں نے جنوبی وزیرستان میں فوجی کارروائی کے بعد سکیورٹی فورسز کے خلاف حملے شروع کررکھے ہیں.
ادھرجنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فورسز کی کارروائی میں جمعہ کو مزیدانیس شدت پسند ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقوں کانی گورم ،سام اور لڑمہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں سے جنگجوٶں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ،جس کے نتیجے میں تیرہ شدت پسند ہلاک اورآٹھ زخمی ہوگئے جبکہ خانی گہ مال میں فورسز کی کارروائی میں چھے جنگجو ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقوں شیر ونگی ،خیسوڑا اور زوئے نارائی میں چیک پوسٹیں قائم کرنا شروع کردیں ۔
دوسری جانب فورسز نے شمالی وزیرستان اور بنوں روڈ کو بکا خیل کے علاقے میں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے۔علاقے میں جاری آپریشن کے دوران مسلسل نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے اورمتاثرہ لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں.
