اسلام آباد.العربیہ.ایجنسیاں
پاکستانی فورسز نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں جنگجوٶں کے خلاف جاری کارروائی میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تینتیس جنگجوٶں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ ایک اور قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بم دھماکے میں سات اہلکارجاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے ہفتہ کے روز جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن اہم مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کا محاصرہ کر لیا ہے.جنوبی وزیرستان میں ازبک جنگجوٶں کے ایک مضبوط گڑھ اور تربیتی مرکزکراما کے محاصرے کے دوران سترہ جنگجو ہلاک اوردوفوجی زخمی ہوئے ہیں.
بیان میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجودغیرملکی دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدیدلڑائی جاری ہے.کنی گرم کے قریب فوجیوں کو جنگجوٶں کی شدیدمزاحمت کا سامنا ہے اور ان پر مارٹر گولے بھی فائر کئے جارہے ہیں.
پاک فوج کے بیان کے مطابق ''علاقے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان جنگجوٶں کے درمیان گلیوں میں دوبدو بھی لڑائی ہورہی ہے.دہشت گردوں نے اپنے مکانوں کو مضبوط بنکروں میں تبدیل کررکھا ہے اور وہ ان کی برجیوں میں چھپ کر فائر کررہے ہیں.
کراما میں لڑائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین جنگجو مارے گئے اور تیرہ جنگجو سراروغہ کے قریب کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں.آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹرز،جیٹ طیارے اور زمینی دستے حصہ لے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آرکے فراہم کردہ اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ دو ہفتے سے جاری آپریشن راہ نجات میں ہلاک ہونے والے جنگجوٶں کی تعداددوسوستانوے ہوگئی ہے اوران کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں.کارروائی کے دوران بعض علاقوں میں سکیورٹی فورسز کو شدت پسندوں کی طرف سے مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔
جنوبی وزیرستان میں اس وقت قریباً تیس ہزارفوجی دس سے بارہ ہزارطالبان جنگجوٶں کے خلاف ''آپریشن راہ نجات'' میں حصہ لے رہے ہیں جن میں ایک ہزارسخت گیر ازبک جنگجو بھی ہیں.ان میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے بعض عرب جنگجو بھی شامل ہیں.امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں لڑائی کے نتیجے میں دولاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں.
 |
خیبرایجنسی میں بم حملہ ادھرافغان سرحد کے قریب واقع ایک اورشمال مغربی قبائلی علاقے خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے ایک دور افتادہ گاٶں سورغرکے قریب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے سات اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔
خیبرایجنسی کے حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ فورٹ سلوپ سے سورغرکے مقام پرواقع چیک پوسٹ کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں ان کی گاڑی ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں تباہ کردی گئی ہے.
دھماکے میں پندرہ اہلکار زخمی ہوئے ہیں،واقعے کے بعدسکیورٹی فورسزنے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے ۔درایں اثناء باجوڑایجنسی کی تحصیل خار کے علاقے لاشوڑہ میں شدت پسندوں نے ایک سرکاری پرائمری اسکول کی عمارت کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا ہے۔سکیورٹی فورسز نے رات بھر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس سے ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔ |
