شام میں مقتدی الصدر کے ناظم دفتر پر ناکام حملہ

شیخ کاظمی کی العربیہ سے گفتگو

نشر في:

شامی دارلحکومت دمشق میں عراقی رہ نما مقتدی الصدر کے ناظم دفتر الشیخ رائد الکاظمی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔

گذشتہ چند ہفتوں سے شام میں موجود عراقی رہ نما مقتدی الصدر کی تنظیم سے تعلق رکھنے متعدد رہ نماوں پر قاتلانہ حملوں کی اطلاعات تواتر سے میڈیا میں شائع ہو رہی ہیں جبکہ شیعہ رہ نما کی تنظیم ان مبینہ حملوں کی تردید کرتی آ رہی ہے۔

رائد الکاظمی نے دمشق سے ٹیلی فون پر العربیۃ کو حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی شب پستول سے مسلح ایک شخص اس وقت ان کی کار کی جانب بڑھا جب وہ جنوبی علاقے السیدۃ زینب میں واقع اپنے دفتر سے گھر جا رہے تھے۔ "میرے ڈرائیور نے خدشہ بھانپ کر کمال ہوشیاری سے گاڑی حملہ آور سے ٹکرا دی، جس سے وہ زمین پر گر گیا، حملہ آور کے دوبارہ سنبھلنے سے پہلے ہی میرے محافظ نے سے دبوچ لیا، جسے بعد میں شامی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

علامہ کاظمی کا کہنا تھا کہ "ہمارا کوئی دشمن نہیں، سب سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ ہم کسی کو مورد الزام ٹہرانا نہیں چاہتے۔ ہم شامی حکام کی تحقیقات کا انتظار کریں گے۔"

دمشق میں مقتدی الصدر کی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دیگر رہ نماوں پر ایسے ناکام قاتلانہ حملوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کاظمی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ایسی خبروں کی تردید کی ہے اور اب میں بھی ان خبروں کو ایک مرتبہ پھر حقیقت سے عاری سمجھتا ہوں۔

یاد رہے کہ دمشق میں مقتدی الصدر کے ناظم دفتر پر ناکام قاتلانہ حملے کا اعلان پہلی بار کیا ہے۔