بدھ 11 ربيع الثاني 1432هـ - 16 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 12:54 - GMT 09:54

نیپالی وزراءکوہ ہمالیہ کی 5360 میٹربلند چوٹی تک سفر کریں گے

موسمیاتی تبدیلیاں،نیپالی کابینہ کا ماٶنٹ ایورسٹ پراجلاس طلب

پیر 14 ذی القعدہ 1430هـ - 02 نومبر 2009م
چند ہفتے قبل مالدیپ کی کابینہ نے گلوبل وارمنگ کے خطرات کو اجاگر کرنے کے لئے سمندر کی تہہ میں اپنا اجلاس منعقد کیا تھا.
چند ہفتے قبل مالدیپ کی کابینہ نے گلوبل وارمنگ کے خطرات کو اجاگر کرنے کے لئے سمندر کی تہہ میں اپنا اجلاس منعقد کیا تھا.
کٹھمنڈو،العربیہ،اے ایف پی

کوپن ہیگن میں آئندہ ماہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ہونے والی عالمی کانفرنس سے قبل کوہ ہمالیہ پر گلوبل وارمنگ کے پڑنے والے اثرات کو اجاگر کرنے کے لئے نیپال کی کابینہ کا اجلاس ماٶنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر طلب کیا گیا ہے.

نیپال کے وزیرجنگلات دیپک بوہرا نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ''کابینہ کا اجلاس اس ماہ کے آخر میں ہوگا اور تمام وزراء ماٶنٹ ایورسٹ کے 5360 میٹر کی بلندی پر واقع بیس کیمپ تک چل کرجائیں گے''.

نیپالی وزیربوہرا کا کہنا تھا کہ ''کوہ ہمالیہ پر برفانی تودوں، گلیشئیرزکا پگھلنا ہمارے لئے سنجیدہ تشویش کا سبب ہے.ہم کوپن ہیگن اجلاس سے قبل موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ہمالیہ کو بچنے کے لئے دنیا کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں''.

انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے کوہ ہمالیہ پربالعموم اور نیپال پربالخصوص،نمایاں اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ مختلف طریقوں اور انداز سے ظاہر ہورے ہیں.کابینہ کے وہاں اجلاس منعقد کرنے سے وزراء کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تازہ معلومات حاصل ہوسکیں گی.

بوہرا کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت دنیا کے صف اول کے کوہ پیماٶں کو بھی کوپن ہیگن لے جانے کا منصوبہ بنارہی ہے.ان میں ایپا شرپا بھی شامل ہیں جنہوں نے ماٶنٹ ایورسٹ کو ریکارڈ انیس مرتبہ سر کیا ہے تاکہ وہ وہاں دنیا کی اس بلند ترین چوٹی کو سرکرنے کے دوران خود کو پیش آنے والے تجربات سے عالمی برادری کے نمائندوں کو آگاہ کرسکیں.

نیپال کی جانب سے یہ اعلان مالدیپ کی کابینہ کے زیرآب اجلاس کے چند روزبعدسامنے آیا ہے.مالدیپ کی کابینہ نے دنیا کی توجہ عالمی حدت میں اضافے سے سمندروں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے خطرات کی جانب مبذول کرانے کے لئے اپنا اجلاس بحرہند کی تہہ میں منعقد کیا تھا.

اقوام متحدہ کے زیراہتمام گلوبل وارمنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لئے عالمی کانفرنس سات سے اٹھارہ دسمبر تک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ہورہی ہے اور اس سے قبل مختلف ممالک خودکو درپیش موسمیاتی مسائل کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانے کے لئے بعض دلچسپ اور منفرد اقدامات کررہے ہیں.