دبئی ۔ ایجنسیاں
متحدہ عرب امارات کی ایک لیبارٹری نے دنیا کا پہلا عربی بولبے والا روبوٹ تیار کیا ہے جسے عنقریب شاپنگ مالز میں عملے کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لئے بڑے پیمانے پر تیار کیا جائے گا۔
یہ منفرد روبوٹ العین میں متحدہ عرب امارات یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے۔ اس روبوٹ کو گیارھویں صدی کے مسلم فلسفی اور سائنسدان "ابن سینا" سے موسوم کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی میں روبوٹ تیار کرنے والی ٹیم کی قیادت کرنے والے اسسٹنٹ پروفیسر کمپیوٹر سائنس نیکولاس میبورائڈس نے بتایا کہ یہ دنیا میں انسانی طرز کا پہلا روبوٹ ہے کہ جو عربی میں بات کرے گا۔ "یہ روبوٹ تحقیق میں مدد کرتا ہے۔ "
پروفیسر نیکولاس نے کہا یہ ایک تعلیمی آلہ ہے کیونکہ طالب علم اس پر پراجیکٹ کرنا پسند کرتے ہیں۔ یونانی تارک وطن پروفیسر میبورائڈس نے بارہ افراد کی ٹیم کے ساتھ ملکر اس روبوٹ کی تیاری کے منصوبے پر کام کیا۔ منصوبے میں امارات کے علاوہ بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی شریک تھے۔
پروفیسر میبورائڈس کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کا استعمال شاپنگ مالز میں صارفین کی خدمات کے شعبے، سیلز سٹاف یا پھر شاپنگ اسسٹنٹ کی حیثیت سے کیا جا سکتا ہے۔
