دبئی.العربیہ
دبئی میں مشرق وسطیٰ میڈیا اینڈ مارکیٹنگ شو 2009ء جاری ہے جس کے دوران بدھ کو دوسرے روز العربیہ کے زیر اہتمام میڈیا اور کمیونیکشن فورم کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں آمدن کے نئے ذرائع کی تلاش اور عالمی مالیاتی بحران کے بعد مواصلات سے متعلق حکمت عملیوں پر غور کیا گیا.
فورم میں عالمی مالیاتی بحران کے میڈیا انڈسٹری پر پڑنے والے اثرات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور اس بحران سے نکلنے کے لئے میڈیا کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لئے اختیار کی جانے والی ممکنہ حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی.
العربیہ کے فورم میں مقررین کے پینل نے تبدیل ہوتے کاروباری ماڈلز، آمدن کے نئے ذرائع کی تلاش، پائیدار مسابقتی فائدے کی تخلیق اور نئی ویلیو ایڈڈ خدمات کی فراہمی ایسے نکات پر اظہار خیال کیا. العربیہ کی بزنس نیوز اینکر نادین ہانی نے فورم میں ماڈریٹر کے فرائض انجام دئیے.
مقررین کے پینل میں زین گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر سعد البراق، کیپکو کے چئیرمین فیصل العیار اور موبی نیل کے سی ای او اور صدر حسان قبانی شامل تھے.
فورم کا اہتمام کرنے والے ادارے کے مینجنگ ڈائریکٹر میسون ابو الہول کا کہنا تھا کہ ''میڈیا اینڈ مارکیٹنگ شو سے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے اور علاقائی اور مقامی میڈیا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے جس ردعمل کا اظہار کیا ہے،اس پر ہم ان کے انتہائی ممنون ہیں''.
فورم میں میڈیا پروفیشنلز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں نمایاں نشریاتی کمپنیوں اور میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات اور پروڈیوسرز شامل تھے.
ابو الہول کا کہنا تھا کہ ''ہر گزرتے سال کے ساتھ شو میں لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال ہم اپنی پانچویں سالگرہ منا رہے ہیں. ہم تمام شرکاء اور حاضرین کا ان کی سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہیں اوران سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ایسے شوکا اہتمام جاری رکھیں گے جس سے متحدہ عرب امارات اور خطے سے تعلق رکھنے والے میڈیا اور مارکیٹنگ پروفیشنلز کو اپنے علم میں اضافے اور اپنے اپنے شعبوں سے متعلق نئے نئے رجحانات سے آگہی ملتی ہے''.
جمعرات کو میڈیا اینڈ مارکیٹنگ شو 2009ء کے تیسرے اور آخری روز خطے کی نمایاں اشتہاری کمپنیوں اور ایجنسیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز موجودہ صورتحال اور جاری اقتصادی بحران کے تناظر میں انڈسٹری کی مستقبل میں ترقی کے حوالے سے بنیادی ایشوز پر تبادلہ خیال کریں گے.
