بدھ 11 ربيع الثاني 1432هـ - 16 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 12:57 - GMT 09:57

سعودی فورسزکی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پربمباری

یمنی حوثی باغیوں کی سعودی سرحدی محافظوں سے جھڑپ

جمعہ 18 ذی القعدہ 1430هـ - 06 نومبر 2009م
سعودی فورسزاپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے یمنی باغیوں کےٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں.
سعودی فورسزاپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے یمنی باغیوں کےٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں.
دبئی.العربیہ

شمالی یمن سے تعلق رکھنے والے حوثی شیعہ باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے پر حملہ کیا ہے جس میں پانچ سعودی محافظ زخمی ہوگئے ہیں.العربیہ کے نمائندے کے مطابق حوثی باغی ایک سرحدی گاٶں القرن میں داخل ہوگئے ہیں.یہ گاٶں اس علاقے سے صرف پانچ کلومیٹر دورواقع ہے جہاں سعودی عرب کی بری فوج کو تعینات کیا گیا ہے.

اس دوران سعودی فورسزنے جمعہ کے روز بھی اپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے.یہ فضائی حملے شیعہ باغیوں کے سعودی بارڈرگارڈزکے ساتھ جھڑپ کے بعد کئے جارہے ہیں.

یمن اورسعودی عرب کے درمیان واقع سرحدی علاقے میں موجود العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد پرمزید فورسز کو تعینات کردیا ہے اور چالیس شیعہ باغیوں نے خودکو ہتھیاروں سمیت سعودی حکام کے حوالے کردیا ہے جبکہ متعدد باغیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فورسز اپنی حدود میں جبل الدخان کے علاقے میں باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں.یہ علاقہ سعودی حدود کے دوہزار میٹر اندر واقعہ ہے.جبل الدخان کا پہاڑسعودی عرب کے صوبہ جیزان اور یمن دونوں کی حدود میں واقع ہے.

سعودی عرب کے ایک اہم روزنامے ''الریاض'' کے مدیر اعلیٰ ترکی السدیری نے العربیہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ''سعودی آرمی کو نرم روی کا مظاہرہ نہیں کرنا ہوگا اور ملک کے اندر یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ سرحدپر واقع پہاڑوں کو دراندازوں سے خالی کرایا جائے اور گوریلا گروپ کی دراندازی ایک خودکش حملہ ہے.

درایں اثناء خلیج تعاون کونسل اوراسلامی کانفرنس تنظیم نے یمن کے شیعہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب کی حدود میں اس کی بارڈر سکیورٹی فورس پردوروزپہلے کئے گئے حملے کی مذمت کی ہے جس میں ایک سرحدی محافظ جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے تھے.

ادھرواشنگٹن میں امریکا کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ یمنی تنازعے کے سعودی،یمن سرحد پر پھیلنے کی وجہ سے واشنگٹن کو تشویش ہے.امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ایان کیلی نے ایک بیان میں کہا کہ ''یمنی حکومت اور باغیوں کے درمیان تنازعے کا کوئی طویل المیعاد فوجی حل تلاش نہیں کیا جاسکتا''.

ترجمان نے کہا کہ ''ہم تنازعے کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہری آبادی کے تحفظ اورشہری ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لئے ہرممکن کوشش کریں''.