پرِنٹ کیجئے
بھیجئے
Bookmark and Share
مشاركة
اتوار 20 ذو القعدة 1430هـ - 08 نومبر 2009م

سعودی فورسز نے یمنی باغیوں کے زیر قبضہ علاقہ واپس لے لیا

سعودی فورسز نے اپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کئے ہیں.
سعودی فورسز نے اپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کئے ہیں.
 

دبئی.العربیہ،ایجنسیاں

سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے یمن کے حوثی باغیوں کے زیر قبضہ اپنے سرحدی علاقے کو کارروائی کے بعد واپس لے لیا ہے. یمنی باغیوں نے گذشتہ ہفتے سرحد پار کارروائی کر کے اس علاقے پر قبضہ کیا تھا.

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی نے ہفتہ کی رات وزیر دفاع کے مشیر خالد بن سلطان بن عبد العزیز کے بیان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ''سکیورٹی فورسز نے جبل الدخان کے علاقے میں مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اب وہاں صورت حال پر امن ہے''.

انہوں نے بتایا کہ ''سعودی حدود میں پہاڑی علاقے کو مکمل طور پر کلئیر کرا لیا گیا ہے لیکن یمنی باغیوں کی جانب سے بعض دوسرے سرحدی علاقوں میں دراندازی کا سلسلہ جاری ہے''.

سعودی فورسز نے جمعرات اور جمعہ کو شمالی یمن سے اپنے سرحدی علاقے میں گھس آنے والے شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی.یہ فضائی حملے شیعہ باغیوں کی سعودی سرحدی محافظوں کے ساتھ جھڑپ کے بعد کئے گئے تھے جس میں ایک اہلکار جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے تھے.

حوثی شیعہ باغیوں نے جمعہ کو سعودی عرب کے ایک اور سرحدی علاقے پر بھی حملہ کیا تھا جس میں پانچ سعودی محافظ زخمی ہو گئے تھے. العربیہ کے نمائندے کے مطابق حوثی باغی ایک سرحدی گاٶں القرن میں داخل ہو گئے تھے اور یہ گاٶں اس علاقے سے صرف پانچ کلومیٹر دور واقع ہے جہاں حالیہ کشیدگی کے بعد سعودی عرب کی بری فوج کو تعینات کیا گیا ہے.

العربیہ کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق سعودی عرب نے جمعہ کے روز یمن کے ساتھ واقع اپنی جنوبی سرحد پر مزید فورسز کو تعینات کیا ہے اور چالیس شیعہ باغیوں نے خود کو ہتھیاروں سمیت سعودی حکام کے حوالے کر دیا جبکہ متعدد باغیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے.

جبل الدخان کا علاقہ سعودی حدود کے دو ہزار میٹر اندر واقع ہے جبکہ جبل الدخان کا پہاڑ سعودی عرب کے صوبہ جیزان اور یمن دونوں کی حدود میں واقع ہے.خلیج تعاون کونسل اور اسلامی کانفرنس تنظیم نے یمن کے شیعہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب کی حدود میں حملوں کی مذمت کی تھی.

واپس اوپر
مضمون پر نقطہء نظر
 تبصرہ کیجئے

نام: 

موضوع: 

مندرجات: