بیروت.ایجنسیاں
شام کے وزیراعظم ناجی العطری نے اپنی لبنانی ہم منصب سعد حریری کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے.شام کے جانب سے اپنے دیرینہ حریف سعد حریری کے ساتھ سرکاری سطح پر یہ پہلا رابطہ ہے.
لبنانی وزیراعظم کے ایک قریبی معاون نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایاہے کہ ''وزیراعظم کو آج صبح محمد ناجی عطری کی جانب سے ایک ٹیلی گرام موصول ہوا ہے جس میں کابینہ کی تشکیل کے بعد ان کی کامیابی کے لئے نیک تمناٶں کا اظہار کیا گیا ہے''.
سعودی عرب اورمغربی ممالک کے حمایت یافتہ سعد حریری نے گذشتہ سوموار کو پانچ ماہ کے سیاسی تعطل کے بعد قومی اتحاد کی نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا تھا.منگل کو شامی صدر بشارالاسد نے لبنان میں نئی کابینہ کی تشکیل پراپنے ہم منصب مشال سلیمان کومبارکباد دی تھی اور جمعرات کو دونوںرہ نماٶں نے دمشق میں دوطرفہ تعلقات پربات چیت کی ہے.
لیکن وزیراعظم ناجی عطری کا سعد حریری کے نام مبارکبادی ٹیلی گرام دمشق کی جانب سے ان سے سرکاری سطح پرپہلارابطہ ہے.2005ء میں بیروت میں ایک کاربم دھماکے میں لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کے بعد سعد حریری کے شام کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں.لیکن اب ان کے قریبی معاونین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم کی حیثیت میں شام کا دورہ کرسکتے ہیں.
ان کے والد رفیق حریری کے قتل کے بعد عالمی دباٶ پرشام نے لبنان سے انتیس سال کی موجودگی کے بعد اپنی فوجیں واپس بلا لی تھیں.اقوام متحدہ کے ایک تحقیقاتی کمیشن نے قراردیا تھا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ شامی اور لبنانی انٹیلی جنس سروسز کا رفیق حریری کے قتل کے واقعہ میں ہاتھ تھا جبکہ شام مسلسل بیروت کاربم دھماکے میں کسی بھی طرح ملوث ہونے سے انکار کرتا رہا ہے.
