جمعرات 12 ربيع الثاني 1432هـ - 17 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 13:03 - GMT 10:03

پارلیمنٹ کی یمنی باغیوں کے خلاف لڑائی میں سعودی عرب کی حمایت

بحرینی جماعت نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یک جہتی کو مسترد کر دیا

جمعہ 25 ذی القعدہ 1430هـ - 13 نومبر 2009م
بحرین کی وفاق پارٹی نے پارلیمنٹ کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے سعودی عرب کی حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی کی حمایت کی ہے.
بحرین کی وفاق پارٹی نے پارلیمنٹ کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے سعودی عرب کی حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی کی حمایت کی ہے.
ماناما.علی ربیع

بحرین کی ایک سیاسی جماعت الوفاق نیشنل اسلامی سوسائٹی کے ارکان پارلیمان نے پارلیمنٹ کے اس بیان پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے جس میں سعودی عرب کے ساتھ اس کی یمنی باغیوں کے خلاف لڑائی پر اظہار یک جہتی کیا گیا ہے.

شیعہ فرقے سے تعلق رکھنے والی وفاق پارٹی کی چالیس رکنی بحرینی پارلیمنٹ میں سترہ نشستیں ہیں. اس جماعت نے پارلیمنٹ کے بیان پر دستخط نہ کرنے کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کے اندرونی امور میں کسی بھی طرح کی مداخلت کے خلاف ہے.لیکن اس جماعت کے ناقدین نے اس کے اس موقف پر کڑی نکتہ چینی کی ہے.

بحرین کی پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یمن سے تعلق رکھنے والے حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی جنگ کی حمایت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ سعودی عرب پر کسی بھی حملے کو یمن پر حملہ تصور کیا جائے گا. اس بیان کی پارلیمان کے ارکان کی اکثریت نے حمایت کی تھی.

وفاق پارٹی کے ایک رکن پارلیمان محمد المزال نے العربیہ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''ان کی جماعت کا موقف وزارت خارجہ کے قوانین کے بالکل عین مطابق ہے جن میں دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کو مسترد کیا گیا ہے''.

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عرب ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے پرامن حل کی حامی ہے.ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سکیورٹی کو ان کے جماعت اور پورے بحرین کے لئے فوقیت حاصل ہے لیکن انہیں جس طرح ارکان پارلیمان میں بیان کا مسودہ تقسیم کیا گیا،اس کے طریق کار پر تحفظات ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ ''حکومتی بنچوں کی جانب سے بیان کا مسودہ خفیہ طریقے سے تقسیم کیا گیا اور وفاق پارٹی کے ارکان پارلیمان سے اس سلسلہ میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے ہماری سبکی کرنے کی ٹھانی ہوئی تھی اور وہ ہم پر الزامات لگانے کے لئے تیار تھےجبکہ تمام معاملات اور کیسوں میں ہمارا موقف بڑا واضح رہا ہے. اس لئے ہم کسی بھی طرح اس بیان پر دستخط کرنے والے نہیں تھے''.

بحرین کی وزرات خارجہ نے اس سے پہلے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں سعودی عرب کی یمن میں فوجی کارروائیوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا اور پارلیمان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے بیان کی توثیق کے بعد وزرات نے ایک اور بیان جاری کیا ہے جس میں بحرینی پارلیمان اور ارکان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے.