جمعرات 12 ربيع الثاني 1432هـ - 17 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 13:03 - GMT 10:03

ٹی ٹوئنٹی 20 میں مسلسل 07 ویں کامیابی کا ریکارڈ

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

ہفتہ 26 ذی القعدہ 1430هـ - 14 نومبر 2009م
پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی دبئی میں ٹی 20 میچ کے دوران ایک بال کو ہٹ لگانے کی تیاری کر رہے ہیں
پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی دبئی میں ٹی 20 میچ کے دوران ایک بال کو ہٹ لگانے کی تیاری کر رہے ہیں
دبئی ۔ العربیہ۔نیٹ

متحدہ عرب امارات کے صدر مقام ابوظہبی میں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد پاکستان نے آل راونڈر شاہد آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی یہ مسلسل ساتویں فتح ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔ دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو سات رنز سے شکست دی اور اس طرح دو میچوں پر مبنی اس سیریز کو اپنے نام کر لیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 153 رنز بنائے۔ نوجوان بیٹسمین عمر اکمل 56 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ایئن بٹلر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ایک جنون ہے اور وہ چاہیں گے کہ ہر وقت بہتر کھیل پیش کرکے اپنے ہم وطنوں کو خوش کریں۔’’ہمارے ملک میں کرکٹ ہی تفریح کا واحد ذریعہ بچا ہے۔ ہم جیت کر اپنے ہم وطنوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹانا چاہتے ہیں۔‘‘

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے کہا کہ پاکستان جیسی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست دینا آسان نہیں ہے۔

اگرچہ نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان برینڈن میکولم اور اسکاٹ سٹائرش نے اچھی پارٹنرشپ کی اور ہدف کے تعاقب کی کوشش کی تاہم پاکستانی بولرز، بالخصوص سعید اجمل اور عمر گُل نے نیوزی لینڈ کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو انچاس رنز سے ہرایا تھا۔