جمعرات 12 ربيع الثاني 1432هـ - 17 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 13:04 - GMT 10:04

''نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز بلے بازوں کیلئے امتحان ہوگی''

مشکل وقت میں اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا: محمد یوسف

ہفتہ 26 ذی القعدہ 1430هـ - 14 نومبر 2009م
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں متحد ہوکرکھیلے گی۔فائل
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں متحد ہوکرکھیلے گی۔فائل
اسلام آباد (العربیہ .ایجنسیاں )

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز بلے بازوں کیلئے امتحان ہوگی.انہیں مشکل وقت میں ٹیم کی قیادت ملی ہے اوروہ اعتماد پر پورااترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ہفتہ کو ایک انٹرویو میں پاکستان کے اسٹار بلے بازمحمد یوسف نے کہا کہ''میں نے کبھی کپتانی کے لئے کسی کو نہیں کہا اور نہ ہی کبھی اس کی خواہش کی۔اب مجھے ایک مشکل وقت میں ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے کہا گیا ہے''۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی چیز ہوتی ہے،اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اور میں اللہ کی مدد سے اعتماد پرپورا اترنے کی کوشش کروں گا.

واضح رہے کہ تین روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزسے اچانک دستبرداری کے بعدٹیم کے سب سے سنئیر کھلاڑی محمد یوسف کو ان کی جگہ کپتان مقررکیا گیا ہے.بعض اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سنئیر کھلاڑی یونس خان کے سخت رویے سے ناخوش تھے اور اس کی انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین اعجازبٹ اور دوسرے حکام کو شکایت کی تھی جس کے بعدیونس خان کو آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا.

یونس خان کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ابوظہبی میں کھیلی گئی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ سے دوایک سے ہارگئی تھی جبکہ شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے دوٹونٹی ٹونٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کو ہراکر سیریزجیت لی ہے. اب کیویز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزکھیلنے کے لئے پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ جارہی ہے اوردونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ چوبیس نومبرسے شروع ہو گا۔

20ٹونٹی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ یونس خان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ دانشمندانہ نہیں،انہیں ٹیسٹ سیریز کے لئے نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا چاہیے تھا کیونکہ ٹیسٹ میچوں میں رنز کے لئے دباﺅ نہیں ہوتا اوران کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹونٹی 20 سیریز میں دوصفر سے کامیابی کے بعد دبئی سے وطن واپسی پرکراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ محمد یوسف کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں متحد ہوکرکھیلے گی۔