عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افریقیوں کو زرد بخار کے وائرس کے سنگین خطرات سے بچانے کے لئے آئندہ ہفتے سے ویکسین لگائی جائے گی.ادارے کا کہنا ہے کہ اس وائرس سے شہروں میں تباہ کن صورت حال پیدا ہوسکتی ہے.
عالمی ادارہ صحت نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ زرد بخار سے بچاٶ کے لئے ویکسی نیشن کی مہم تین افریقی ممالک بینن،لائبیریا اور سیرالیون میں آئندہ سوموار سے شروع کی جائے گی اور یہ ایک ہفتہ جاری رہے گی.
ڈبلیو ایچ او کے زرد بخار منصوبے کے پراجیکٹ لیڈر روسامنڈ لیوس نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ ''زردبخار،وائرس سے لاحق ہونے والا بخار ہے اور اس سے شہری علاقوں میں تباہ کن صورت حال پیدا ہوسکتی ہیں.
ڈبلیو ایچ او کے مطابق زردبخار سے بچاٶ کے لئے ویکسی نیشن ہی بہترین طریقہ ہے کیونکہ ابتدائی مراحل میں اس کی تشخیص کرنا مشکل ہے اورفی الحال اس کا کوئی مخصوص علاج بھی دریافت نہیں ہوا.پیلے بخار سے ہر سال دولاکھ چھے ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں اوران میں سے افریقی اور امریکی ممالک میں قریباً تیس ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں.ان ممالک میں اس خطرناک مرض کا اب تک مکمل طور پرخاتمہ نہیں کیا جاسکا ہے.