الجزائر نےسوڈان میں کھیلے گئے فٹ بال عالمی کپ کے ایک کوالیفائنگ میچ میں مصرکو ایک صفر سے شکست دے کر2010ء کے عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے اوروہ واحد عرب ملک ہوگا جو اس ٹورنا منٹ میں حصہ لے گا.
فٹ بال کے میدان میں مصر اور الجزائر کی روایتی حریف ٹیموں کے درمیان سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں میچ کھیلا گیا جسےدیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین موجود تھے جبکہ سوڈانی حکومت نے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے.
میچ کا آغاز کوئی اچھا نہ تھا اور دونوں ٹیموں نے متعدد فاٶل کئے لیکن الجزائر کے اسٹرائیکر انطر یحییٰ ہاف ٹائم ختم ہونے سے چند منٹ قبل ایک گول کرنے میں کامیاب ہوگئے جس پر الجزائر سے تعلق رکھنے والے تماشائیوں نے زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا.جونہی میچ کے اختتام کے لئے سیٹی بجی تو دنیا بھر میں الجزائرسے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے شائقین سڑکوں پر باہر نکل آئے.
مصر کو شکست دینے کے بعد اب الجزائر 2010ء میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے عالمی فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا اور یہ تئیس سال کے بعد اس کی عالمی کپ ٹورنا منٹ میں پہلی شرکت ہوگی.اس سے پہلے الجزائر نے 1986ء میں فٹ بال کا عالمی کپ کھیلا تھا.
سوڈانی حکام نے مصری اور الجزائری شائقین کو الگ تھلگ رکھنے اور ان کے درمیان میچ کے دوران یا بعد میں کسی قسم کی دھینگا مشتی اور تشدد سے بچاٶ کے لئے اسٹیڈیم میں پندرہ ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے تھے.واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے قاہرہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا تھا .
اس میچ کے بعدتشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے اور مصری شائقین نے الجزائر کی فٹ بال ٹیم کی بس پراسٹیڈیم سے ہوٹل کے لئے واپسی پرپتھراٶ کیا تھا جس سے تین کھلاڑی بھی زخمی ہوگئے تھے.قاہرہ میں الجزائری کھلاڑیوں اور شائقین پر تشدد کے جواب میں الجزائر میں کام کرنے والی مصری کمپنیوں پربھی انتقامی حملے کئے گئے تھے.