جمعرات 12 ربيع الثاني 1432هـ - 17 مارچ 2011م
آخری وقت اشاعت: بدھ 26 ذی القعدہ 1431هـ - 03 نومبر 2010م KSA 13:08 - GMT 10:08

مصریوں پر حملوں کے بعد قاہرہ میں الجزائری سفیر کی طلبی

مصر نے مشاورت کے لئے الجزائر سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

جمعرات 02 ذی الحجہ 1430هـ - 19 نومبر 2009م
الجزائری فٹ بال شائقین اپنے ملک کی ٹیم کی مصر کے خلاف کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں.
الجزائری فٹ بال شائقین اپنے ملک کی ٹیم کی مصر کے خلاف کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں.
قاہرہ.ایجنسیاں

مصر نےسوڈان میں اپنے ملک کے شائقین فٹ بال اور الجزائر میں مصری کاروباری اداروں پر حملوں کے بعد الجزائر میں تعینات اپنے سفیر کو مشاورت کے لئے واپس بلا لیا ہے.

مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی "مینا" کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے سفیر کو مشاورت کے لئے واپس بلانے کی تصدیق کی ہے جبکہ اس سے پہلے مصری وزارت خارجہ نے قاہرہ میں تعینات الجزائر کے سفیر کو طلب کرکے ان سے خرطوم میں دونوں ممالک کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان میچ کے بعد الجزائری شائقین کی جانب سے گڑبڑ پر احتجاج کیا ہے.

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ الجزائر کے سفیر کو خرطوم میں مصری ٹیم کی حمایت کے لئے جانے والے شہریوں پر حملوں پر مصر کے اظہار ناراضی سے آگاہ کیا گیا ہے.

گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران یہ دوسرا موقع ہے کہ قاہرہ میں الجزائری سفیر عبدالقادر حجر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے ان سے احتجاج کیا گیا ہے.اس سے پہلے الجزائر میں شائقین فٹ بال کی جانب سے مصر کے کاروباری اداروں اور شہریوں کے گھروں پر حملوں کے بعد الجزائری سفیر کو طلب کیا گیا تھا.

بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر نے الجزائر سے مسلسل ملنے والی ان اطلاعات پر بھی اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق الجزائر میں رہنے والے مصری شہریوں پر حملے کئے جارہے ہیں اور انہیں مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے.

مصری شائقین فٹ بال نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ وہ جب بدھ کو مصر اور الجزائر کی ٹیموں کے درمیان میچ ختم ہونے کے بعد اسٹیڈیم سے خرطوم ائیرپورٹ کی جانب جا رہے تھے تو ان کی بس پر پتھراٶ کیا گیا تھا.فٹ بال عالمی کپ کے اس کوالیفائنگ میچ میں الجزائر مصر کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر عالمی کپ کے حتمی راٶنڈ میں پہنچ گیا ہے اور اب وہ 2010ء میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ میں حصہ لے گا.

گذشتہ ہفتہ کے روز قاہرہ میں کھیلے گئے میچ میں مصر نے الجزائر کو دو صفر سے شکست دی تھی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان خرطوم میں یہ حتمی میچ کھیلا گیا ہے اور اس کی فاتح ٹیم فٹ بال کا عالمی کپ کھیلنے کی حق دار قرار پائی ہے.

خرطوم پولیس کے ترجمان عبدالمجید الطیب نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ ''میچ کے بعد تشدد کے واقعے میں چار افراد زخمی ہو گئے تھے''.انہوں نے بتایا کہ تشدد کے بہت معمولی واقعات پیش آئے ہیں اور یہ چاروں افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں.

قاہرہ میں مصر اور الجزائر کی فٹ بال ٹیم کے درمیان میچ سے قبل الجزائری فٹ بال ٹیم کی بس پر قاہرہ ائیرپورٹ سے ہوٹل جاتے ہوئے پتھراٶ کیا گیا تھا جس سے متعدد فٹ بالرز خمی ہو گئے تھے.اس میچ میں مصر کی کامیابی کے بعد الجزائر سے آنے والے فٹ بال کے شائقین اور ان کی ٹیم کے پرستاروں کے ساتھ بھی ناروا سلوک کیا گیا تھا جس پر صورت حال کشیدہ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان حتمی میچ کو خرطوم منتقل کر دیا گیا تھا.

قاہرہ میں پیش آنے والے واقعات کے رد عمل میں الجزائر میں بیسیوں افراد مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے تھے اور انہوں نے مصر کی کمپنی اورسکام ٹیلی کام کی ایک ذیلی مقامی کمپنی کے پندرہ دفاتر پر حملے کئے تھے. مظاہرین نے مصر کی فضائی کمپنی کے الجزائر میں واقع دو دفاتر کو نذر آتش کر دیا تھا. ان حملوں کے بعد موبائل فون کمپنی اورسکام نے الجزائر میں موجود اپنے پچیس مصری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو واپس بلا لیا تھا.