شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی ڈرون حملہ، 10 جاں بحق

پشاور میں پولیس پارٹی پر ریموٹ بم سے حملہ

نشر في:

پاکستان کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کی صبح ہونے والے ایک مشتبہ امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے مچی خیل میں عسکریت پسندوں کے مشکوک ٹھکانے پر امریکی جاسوس طیارے نے دو میزائل داغے جس سے موقعے پر ہی دس افراد جاں بحق ہو گئے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی حملے ایسے وقت ہو رہے ہیں جب اس سے متصل جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فوج نے بیت اللہ محسود گروپ کے طالبان کے خلاف ایک ماہ سے فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ حکام دعوی کرتے ہیں کہ زیادہ تر علاقے پر فوج کو کنٹرول حاصل ہو گیا ہے۔

ادھر جنوبی وزیرستان سے بڑی تعداد میں طالبان جنگجووں کی شمالی وزیرستان، اورکزئی ایجنسی اور دیگر قبائلی علاقوں کی طرف منتقل کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں تاہم کسی دوسرے آزاد ذریعے سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس گاڑی پر حملہ

ادھر جمعرات کو رات گئے شمال مغربی سرحدی صوبے کے صدر مقام پشاور میں پولیس کی ایک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) نے ایک سینئر پولیس اہلکار کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ یہ واقعہ شہر کے شمال مغربی علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس کی گاڑی کو سڑک کے کنارے رکھے گئے ایک ریموٹ کنڑول بم سے نشانہ بنایا گیا۔