قاہرہ: شیخ احمد الطیب جامعہ الازہر کے نئے امام اعظم مقرر

مصری صدر نے سید محمد طنطاوی کا جانشین نامزد کر دیا

نشر في:

مصر کے صدرحسنی مبارک نے شیخ احمد محمد احمد الطیب کو عالم اسلام کے تاریخی درس گاہ جامعہ الازہر کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے.

مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے مینا کے مطابق صدر حسنی مبارک نے شیخ احمد محمد احمد الطیب کو جامعہ الازہر کا سربراہ مقرر کرنے کے لیے جمعہ کوصدارتی حکم نامہ جاری کردیا ہے.واضح رہے کہ صدر مبارک اس وقت جرمنی میں اپنے پتے کی سرجری کے بعد سے زیرعلاج ہیں اور وہ روبصحت ہورہے ہیں.

شیخ احمد الطیب جامعہ الازہر کے 2003ء سے صدر چلے آرہے ہیں.وہ اب جامعہ کے سابق امام اعظم محمد سید طنطاوی کی جگہ لیں گے جو 10 مارچ کو سعودی عرب میں اچانک حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے تھے.

جامعہ الازہر قاہرہ میں دسویں صدی عیسوی میں قائم کی گئی تھی.اس عظیم تاریخی علمی ادارے میں ایک مسجد،ایک جامعہ اور اس سے ملحقہ متعدد اسکول شامل ہیں.سنی اسلام کی یہ سب سے بڑی مادرعلمی سمجھی جاتی ہے اور یہ پوری دنیا میں اسلامی تعلیمات اور تہذیب وثقافت کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے.

شیخ احمد محمد احمد الطیب نے فرانس سے بھی تعلیم حاصل کی تھی.وہ مصر کے سب سے سنئیر اسکالر سمجھے جاتے ہیں اور وہ ستمبر 2003ء تک جامعہ الازہر کے مفتی اعظم بھی رہ چکے ہیں.