پاکستانی فوجی کا1دن میں 20ہزار101 پودے لگانے کا نیاعالمی ریکارڈ

کینیڈین شہری کا 15 ہزار170 پودے لگانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

نشر في:

پاکستان آرمی کے ایک نوجوان نے چوبیس گھنٹے میں بیس ہزارایک سوایک پودے لگاکرنیاعالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور گینزبُک آف ورلڈریکارڈمیں نام کے اندراج کے کوالیفائی کرلیاہے۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل وزیرآباد کے ایک علاقے میں پاک آرمی کے لانس نائیک میاں محمد یوسف جمیل نے گذشتہ روز ایک تقریب کے بعد گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈکے نمائندوں،وزارت خارجہ کے حکام اور آرمی افسروں کی موجودگی میں دو بجے سے پودے لگانے کا کام شروع کیا اور مقررہ وقت چوبیس گھنٹے میں انہوں نے بیس ہزارایک سو ایک پودے لگاکرنیاعالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

پاکستان آرمی کی منگلا کورسے تعلق رکھنے والے لانس نائیک محمد یوسف سے قبل ایک دن میں سب سے پودے لگانے کا ریکارڈ ایک کینیڈین شہری چین چیپل نے2001ء میں قائم کیا تھا۔انہوں نے 24 گھنٹے میں 15170 پودے لگائے تھے جسے محمد یوسف نے18 گھنٹے 40 منٹ میں توڑ دیا اور 24 گھنٹے میں بیس ہزار ایک سو ایک پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔اس دوران گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے ان کےغلط لگائے گئے چارسو پودے مسترد بھی کیے۔

میاں محمد یوسف نے 12 ایکڑ کے رقبے پرپودے لگانے کے عمل کے دوران جھک کرقریباً 35 میل کا سفرطے کیا۔ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پرکورکمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل محمد مصطفیٰ خان نے محمد یوسف جمیل کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔ کورکمانڈر منگلا نے انہیں لانس نائیک کے عہدے سے ترقی دے کرحوالداربنادیاہے اورانہیں چھے لاکھ روپے نقدانعام سے نوازاہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈر منگلا جنرل مصطفیٰ نے کہا کہ فوج جہاں دوسرے کاموں میں مصروف ہے،وہاں شجرکاری میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کو نہ صرف دفاعی ضروریات کے لیے اہمیت حاصل ہے بلکہ اس سے موجودہ جنگلات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ماحول کی آلودگی کو کم کرنے اور ملک کی معاشی ترقی میں بھی مددملے گی۔

پودے لگانے کاعالمی ریکارڈ قائم کرنے والے لانس نائیک میاں محمد یوسف جمیل نے سن 2000ء میں پاکستان آرمی کی آرٹلری رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یارخان سے ہے اور انہوں نے پنجابی زبان وادب میں ماسٹرزکررکھا ہے۔