جمعرات 09 جمادى الأولى 1434هـ - 21 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: منگل 12 رجب 1432هـ - 14 جون 2011م KSA 17:24 - GMT 14:24

تنازعہ کشمیر سمیت دوطرفہ مسائل پر بات چیت کے لیے

بھارتی سیکرٹری خارجہ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گی

منگل 12 رجب 1432هـ - 14 جون 2011م
بھارتی سیکرٹری خارجہ نیروپما راٶ اپنے پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر سے جون 2010ء میں بات چیت کررہی ہیں۔فائل
بھارتی سیکرٹری خارجہ نیروپما راٶ اپنے پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر سے جون 2010ء میں بات چیت کررہی ہیں۔فائل
اسلام آباد۔العربیہ ڈاٹ نیٹ

بھارت کی سیکرٹری خارجہ نیروپما راٶ اسی ماہ پاکستان کے دورے پراسلام آباد آرہی ہیں جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت مختلف دوطرفہ تنازعات پر بات چیت کریں گی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک عہدے دار نے اسلام آباد میں ایک بیان میں بتایا ہے کہ ''نیروپما راٶ اسی ماہ کے آخر میں اسلام آباد پہنچ رہی ہے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان امن ، سکیورٹی ،جموں وکشمیر کے تنازعے اور دوستانہ وفود کے تبادلے سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کریں گی''۔واضح رہے کہ نیروپما راٶ 31جولائی کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہی ہیں۔

اس وقت افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر دونوں ممالک پر دوطرفہ تنازعات کو طے کرنے اور امن کے قیام کے لیے امریکا کا دباٶہے۔اس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے افغانستان میں جنگ پر اثرات مرتب ہورہے ہیں اور وہاں قیام امن کی کوششوں میں رکاوٹیں پڑ رہی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں نے چند ماہ قبل نئی دہلی میں ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے سے اتفاق کیا تھا۔اس ملاقات میں دہشت گردی، کشمیر اوردوسرے دوطرفہ تنازعات سمیت وسیع البنیاد موضوعات پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان اس ملاقات سے قبل صدر آصف علی زداری نے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی سمیت بامقصد اور نتیجہ خیز بات چیت چاہتا ہے.ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوام کی فلاح وبہبود اورعسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے اچھے ہمسائیگی کے تعلقات ناگزیر ہیں۔

یادرہے کہ بھارت نے 26 سے 29 نومبر2008ء تک ممبئی میں دہشت گردوں کے حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات کا عمل منقطع کردیا تھا اوراس نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پردوطرفہ مذاکرات سے انکارکردیا تھا۔گذشتہ سال فروری میں اسلام آباد میں بھارت اور پاکستان کے درمیان پندرہ ماہ کے بعد سفارتی روابط بحال ہوئے تھے اورخارجہ سیکرٹریوں کی سطح پرممبئی حملوں کے بعد پہلی مرتبہ مذاکرات ہوئے تھے۔