منگل 08 شوال 1432هـ - 06 ستمبر 2011م
آخری وقت اشاعت: منگل 08 شوال 1432هـ - 06 ستمبر 2011م KSA 09:18 - GMT 06:18

کوئٹہ کے نواح میں آئی ایس آئی اور فرنٹئیر کور کی مشترکہ کارروائی

پاکستان میں القاعدہ کا سنئیر لیڈر دو ساتھیوں سمیت گرفتار

پیر 07 شوال 1432هـ - 05 ستمبر 2011م
آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ پر موجود یونس الموریتانی کی تصویر
آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ پر موجود یونس الموریتانی کی تصویر
اسلام آباد ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ

پاکستان آرمی نے القاعدہ کے ایک سنئیر لیڈر کو اس کے دو ساتھیوں سمیت ملک کے جنوب مغربی شہر کوئٹہ کے نواح سے گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سوموار کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق القاعدہ کے گرفتار لیڈر یونس الموریتانی تنظیم کے بین الاقوامی آپریشنز کی منصوبہ بندی اور انھیں عملی جامہ پہنانے کی کارروائیوں کا ذمے دار تھے، انھیں جنوب مغربی شہر کوئٹہ کے نواح سے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران پکڑا گیا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کی طاقتور خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے فرنٹیر کور بلوچستان کے ساتھ مل کر کوئٹہ کے نواح سے یونس الموریتانی کے ساتھ القاعدہ کے دو سنئیر لیڈروں عبدالغفار الشامی (بشار شما) اور میسرہ الشامی (مجاہد امینو) کو گرفتار کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ''موریتانی کو القاعدہ کے مقتول لیڈر اسامہ بن لادن نے ذاتی طور پر امریکا ،یورپ اور آسٹریلیا میں معاشی اہمیت کے حامل اہداف کو نشانہ بنانے کی ذمے داری سونپی تھی۔وہ امریکا کے معاشی مفادات بشمول گیس/تیل کی پائپ لائنوں، بجلی پیدا کرنے والے ڈیموں، تیل بردار بحری جہازوں کو دھماکا خیز مواد سے لدی تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے''۔

پاکستانی فوج نے مزید بتایا ہے کہ القاعدہ کے ان تینوں لیڈروں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کی منصوبہ بندی امریکا کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی فنی معاونت سے کی گئی تھی۔