جمعرات 07 ذی الحجہ 1432هـ - 03 نومبر 2011م
آخری وقت اشاعت: جمعرات 07 ذی الحجہ 1432هـ - 03 نومبر 2011م KSA 16:04 - GMT 13:04

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا معاملہ وزارت تجارت کے سپرد

پاکستان نے بعد از قذافی لیبیا کی نئی حکومت کو تسلیم کر لیا

جمعرات 07 ذی الحجہ 1432هـ - 03 نومبر 2011م
پاکستان نے کرنل قذافی کے قتل کے بعد لیبیا کی عبوری حکومت کو تسلیم کیا ہے
پاکستان نے کرنل قذافی کے قتل کے بعد لیبیا کی عبوری حکومت کو تسلیم کیا ہے
اسلام آباد ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ

پاکستان نے لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کے قتل کے بعد پہلی مرتبہ عبوری قومی کونسل کی حکومت کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ لیبیا کی خودمختاری کو تسلیم کرتا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان لیبیا کی ریاست اور حکومت کو تسلیم کرتا ہے۔ انھوں نے وفاقی کابینہ کی جانب سے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کے حوالے سے کہا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات بہتر بنانے کا اختیار وزارت تجارت کو دیا ہے، تاہم ترجمان نے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے سے متعلق سوال کا واضع جواب دینے سے گریز کیا۔

خاتون ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ اہمیت کے حامل مسائل پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے استنبول کانفرنس میں افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کی ہےاور وہ سہ فریقی امن عمل کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ایران پر ممکنہ امریکی اور اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرنے کے حق میں ہے اور ہم خطے میں تناؤ نہیں چاہتے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے گذشتہ روز دیرینہ حریف بھارت کو تجارت کے لیے پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی منظوری دی تھی جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان واہگہ بارڈر کے راستے سے تجارت ہوگی اور اس کا حجم 2 ارب 60 کروڑ ڈالرز سے بڑھا کر 2015ء تک 6 ارب ڈالرز سالانہ کر دیا جائے گا۔