جمعہ 15 ذی الحجہ 1432هـ - 11 نومبر 2011م
آخری وقت اشاعت: جمعہ 15 ذی الحجہ 1432هـ - 11 نومبر 2011م KSA 20:35 - GMT 17:35

سری لنکن ٹیم 131رنز پر ڈھیر،شاہد آفریدی مین آف دی میچ

پاکستان کی سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شاندار جیت

جمعہ 15 ذی الحجہ 1432هـ - 11 نومبر 2011م
میچ جیتنے کے بعد یونس خان سری لنکن کپتان سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔
میچ جیتنے کے بعد یونس خان سری لنکن کپتان سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔
دبئی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے پانچ ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان تلکا رتنے دلشان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ایک بیٹنگ وکٹ پر پاکستان کے اسپن بالروں کے آگے ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور ان کی پوری ٹیم اکتالیسویں اوور میں ایک سو اکتیس رنز بنا کر آٶٹ ہوگئی۔

سری لنکن ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اوپنر کپتان دلشان صرف چار کے اسکور پر پاکستانی باٶلر اعزاز چیمہ کی گیند پر بولڈ آٶٹ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے سابق کپتان کمار سنگاکارا صرف پانچ کے اسکور پر پویلین کو لوٹ گئے۔انھیں عبدالرزاق کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کیچ آٶٹ کیا۔اوپنر تھرنگا نے چندی مل کے ساتھ مل کر پاکستانی بالروں کی کچھ دیر مزاحمت کی لیکن وہ چھیاسٹھ کے مجموعی اسکور پر پچیس رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر اعزاز چیمہ کے ہاتھوں کیچ آٶٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے چندی مل نے سب سے زیادہ اٹھائیس رنز بنائے۔انھیں آل راٶنڈر شاہد آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آٶٹ کیا۔جے وردھنے چوبیس رنز بنا کر آٶٹ ہوئے۔سری لنکا کے تین کھلاڑی کلاسکیرا ،لکمل اور دلہارا فرنانڈو کوئی رن بنائے بغیر آٶٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے تین ، محمد حفیظ اور سعید اجمل نے دو،دو اورعبدالرزاق اور اعزاز چیمہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آٶٹ کیا۔سری لنکا کا ایک کھلاڑی رن آٶٹ ہوا۔

پچاس اوورز میں ایک سو بتیس رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں تھا اور اوپنر محمد حفیظ صرف پانچ رنز بنا کر لکمل کی گیند پرکلاسکیرا کے ہاتھوں کیچ آٶٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد عمران فرحت اور یونس خان نے ذمے دارانہ اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔عمران فرحت پچاس رنز بنا کر آٶٹ ہوئے جبکہ یونس خان چھپن رنز بنا کر ناٹ آٶٹ رہے۔ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آٶٹ کھلاڑی وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد تھے۔پاکستان جب بائیسویں اوور میں جیت سے ہم کنار ہوا تو وہ اس وقت چار رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے بعد اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے آل راٶنڈر شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔انھوں نے ستائیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قراردیا اور کہا کہ ان کے بالروں نے آغاز سے ہی سری لنکن بلے بازوں کو دباٶ میں رکھا جس کی وجہ سے وہ کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔واضح رہے کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پہلے ہی ایک صفر سے جیت چکا ہے۔