پیر 18 ذی الحجہ 1432هـ - 14 نومبر 2011م
آخری وقت اشاعت: پیر 18 ذی الحجہ 1432هـ - 14 نومبر 2011م KSA 23:26 - GMT 20:26

دستخط ترکمان صدر کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر ہوئے

پاکستان ۔ ترکمانستان کے درمیان 04 ملکی گیس ترسیل معاہدے پر دستخط

پیر 18 ذی الحجہ 1432هـ - 14 نومبر 2011م
ترکمانستان کے صدر قربان گل محمدوف اور وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی
ترکمانستان کے صدر قربان گل محمدوف اور وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ، ایجنسیاں

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان چار ملکی مجوزہ گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے گیس کی ترسیل کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس منصوبے پر ترکمانستان کے صدر قربان گل محمدوف کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اس کے علاوہ بھی تجارت ، ثقافت، اطلاعات کے شعبوں میں تین معاہدوں اور دو مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ترکمانستان کے صدر نے وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں یہ عندیہ دیا تھا کہ ترکمانستان کے صدر کے دورہ کے موقع پر ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن کے مجوزہ منصوبے پر اہم پیشرفت کا اعلان ہوگا۔ اس مجوزہ منصوبے کے تحت ترکمانستان کے دولت آباد گیس فیلڈ سے 1680 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن افغانستان کے ذریعے پاکستان سے ہوتی ہوئی بھارت جائے گی۔

منصوبے پر 7.6 ارب ڈالر لاگت آئے گی اور اس کی تکمیل کی صورت میں پاکستان اور بھارت کو 27 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم ہو سکے گی۔

پیر کے روز ترکمانستان کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تاپی گیس پائپ لائن کا منصوبہ خطے کیلیے توانائی کی ضروریات پوری کرتے ہوئے اقتصادی استحکام کا باعث ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کا باہم تعاون ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ پاکستان میں ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم وژن اور کل آنے والی تاریخ کا حصہ ہیں، میں ایک مرتبہ پھر کہوں گا کہ پاکستان، ترکمانستان ہمیشہ اور ہر حال میں بھائی اور دوست رہیں گے۔‘‘

ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، خطے اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان اور پاکستان کے بین الاقوامی سیاست ، خطے میں امن و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خاتمے کے حوالے سے نقطہ نظر میں مماثلت ہے۔

چار ملکی گیس پائپ لائن کا ذکر کرتے ہوئے ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے اب اس کنسورشیم کی تشکیل باقی رہ گئی ہے جو اس معاہدوں کی تکمیل کرے گا۔

پاکستان کو بجلی کے علاوہ گیس کی بھی قلت کا سامنا ہے اور پاکستانی وزیر پٹرولیم عاصم حسین پہلے ہی موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

اتوار کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ خصوصی گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت سی این جی اسٹیشن ہفتے میں تین دن بند رہیں گے جبکہ صنعتوں اور کھاد کے کارخانوں کو مخصوص اوقات کے دوران قدرتی گیس فراہم کی جائے گی۔