پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں نامعلوم افراد نے نو راکٹ داغے جن میں سے تین پاکستان ملٹری اکیڈمی کی جانب گرے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ اور جمعرات کی درمیانی شب کوئی ساڑھے تین بجے پیش آیا اور حملے میں اکیڈمی کی بیرونی دیوار کو نقصان پہنچا۔
ایبٹ آباد کے ضلعی رابطہ افسر امتیاز علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ راکٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی مشرقی جانب واقع الیاسی مسجد کے پیچھے پہاڑی سے داغے گئے۔ انھوں نے کہا کہ تین راکٹ پی ایم اے کی جانب گرے جن میں سے دو نے ملٹری اکیڈمی کی بیرونی مشرقی دیوار کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ باقی راکٹ شہر کے مختلف علاقوں میں گرے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک راکٹ ایک مکان کے پہلی منزل پر قائم کمرے کو لگا لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس واقعہ کے بعد حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے جبکہ شہر میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایبٹ آباد پاکستان کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور پی ایم اے کے علاقے میں سیکیورٹی اہلکار ہر پل الرٹ رہتے ہیں۔ یاد رہے اس محفوظ علاقے میں ہی القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن روپوش تھے جنہیں امریکی کمانڈوز نے ایک کارروائی کے بعد ہلاک کر دیا تھا۔