بدھ 08 جمادى الأولى 1434هـ - 20 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: ہفتہ 05 ربيع الأول 1433هـ - 28 جنوری 2012م KSA 17:06 - GMT 14:06

عبدالرحمان اور سعید اجمل کی تباہ کن باٶلنگ

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان کرکٹ ٹیم کی برطانیہ کے خلاف شاندار جیت

ہفتہ 05 ربيع الأول 1433هـ - 28 جنوری 2012م
عبدالرحمان نے دوسری اننگز میں 6 برطانوی کھلاڑیوں کو آٶٹ کیا ہے۔
عبدالرحمان نے دوسری اننگز میں 6 برطانوی کھلاڑیوں کو آٶٹ کیا ہے۔
ابوظہبی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اسپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت برطانیہ کو بہتر رنز سے شکست دے دی ہے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزبھی جیت لی ہے۔

ابوظہبی ٹیسٹ میچ کا چار دن میں فیصلہ ہوگیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ صرف تین روز میں ختم ہوگیا تھا اور پاکستان نے یہ ٹیسٹ میچ دس وکٹ سے جیت لیا تھا۔برطانوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی باٶلرز کی نپی تلی بالنگ کا مقابلہ نہ کرسکی اور ایک سو پینتالیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف بہتررنزبنا کرآؤٹ ہوگئی۔برطانیہ کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ کم ترین اسکورز میں سے ایک ہے۔

پاکستان کے اسپن باؤلرزعبدالرحمان اور سعیداجمل نے اس ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔عبدالرحمان نے پہلی اننگز میں انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،انھوں نے دوسری اننگز میں صرف پچیس رنز کے عوض چھے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے اور انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیاہے۔سعید اجمل نے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں تین برطانوی کھلاڑیوں کو آٶٹ کیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا.پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دوسو ستاون رنز بنائے۔مصباح الحق نے سب سے زیادہ چوراسی رنز بنائے تھے۔ان کے ساتھ اسد شفیق اٹھاون رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔پہلی اننگز میں پاکستان کے آخری تین کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے اور چوتھے کھلاڑی عمرگل صفر ہر ہی ناٹ آٶٹ رہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں برطانوی ٹیم نے بہتر بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور وہ تین سو ستائیس رنز بنا کر آٶٹ ہوگئی۔اس طرح اسے پہلی اننگز میں ستر رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔برطانیہ کی جانب سے اوپنرایلسٹئیر کک نے سب سے زیادہ چورانوے رنز بنائے۔دوسرے نمایاں بلے باز ٹراٹ تھے انھوں نے چوہتر رنز بنائے اور براڈ اٹھاون رنز کے ساتھ ناٹ آٶٹ رہے۔

پاکستانی بلے باز دوسری اننگز میں ستر رنز کے خسارے کے باوجود میچ میں جیت کے لیے کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔اظہرعلی نے اڑسٹھ اور اسد شفیق نے تینتالیس رنز بنائے۔پاکستان کے ابتدائی بلے باز دوسری اننگز میں بھی کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور پوری ٹیم دوسوچودہ رنزبنا کر آٶٹ ہوگئی۔اس طرح پاکستان نے برطانوی ٹیم کو جیتنے کے لیے ایک سو پینتالیس رنز کا ہدف دیا۔برطانیہ کی جانب سے پنیسر سب سے کامیاب باٶلر رہے انھوں نے باسٹھ رنز کے عوض پاکستان کے چھے کھلاڑیوں کو آٶٹ کیا۔

برطانوی ٹیم نے جیت کے لیے ڈیڑھ دن میں ڈیڑھ سو سے بھی کم رنز بنانا تھے لیکن اس کی بیٹنگ لائن پاکستانی اسپن باٶلروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم سینتیسویں اوورمیں صرف بہتررنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔اس کے صرف دوکھلاڑی دُہرے ہندسے میں داخل ہوسکے اور آٹھ دس سے بھی کم انفرادی اسکور پر آٶٹ ہوئے۔

برطانیہ کی جانب سے کپتان اینڈریواسٹراس نے سب سے زیادہ بیالیس رنز بنائے۔وہ پندرہ کے انفرادی اسکور پر کیچ آٶٹ ہوگئے تھے لیکن ایمپائرز نے فیصلے کے لیے تھرڈ ایمپائر سے رجوع کیا اور انھوں نے اسٹراس کو ناٹ آٶٹ قرار دے دیا ورنہ برطانوی ٹیم پچاس سے بھی کم اسکور پر آٶٹ ہوجاتی۔

برطانیہ کی دوسری اننگز میں اس کے تین کھلاڑی صفر پر پویلین کو لوٹے اور تین ایک ،ایک رن بنا کر آٶٹ ہوگئے۔پاکستان کی جانب سے عبدالرحمان نے چھے ،سعید اجمل نے تین اور محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آٶٹ کیا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ تین فروری سے دبئی میں کھیلا جائے گا.

اسکور: پاکستان:پہلی اننگز257رنز اور دوسری اننگز 214۔

برطانیہ:پہلی اننگز327رنزاوردوسری اننگز72رنز۔