نیٹو اتحاد پانچ امریکی ساختہ ڈرونز خرید کرے گا

ایک ارب یورو کے معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے

نشر في:

معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ فوجی اتحاد فضائی نگرانی اور تحقیقات کے لیے ایک ارب یورو مالیت کے پانچ امریکی ساختہ بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے (ڈرونز) خرید کرے گا۔

اس عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پانچ ڈرونز طیاروں کی خریداری کے لیے معاہدے میں نارتھروپ گرومین گلوبل ہاکس ،زمینی کنٹرول اسٹیشن ، تجزیے کے آلات اور ان کو چلانے والوں کی تربیت شامل ہوگی۔

اس عہدے دار کے بہ قول بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں کی خریداری کے لیے اسی موسم بہار میں امریکا کے ساتھ دستخط کر دیے جائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ نیٹو کے تیرہ رکن ممالک ڈرونز کی خریداری کے لیے ایک گروپ بنائیں گے اور یہ گروپ اٹھائیس ممالک پرمشتمل تنظیم کی جانب سے ان ڈرونز کو استعمال کرسکے گا۔

یہ جدید ڈرون چھتیس گھنٹے تک فضا میں پرواز کرسکتے ہیں۔ان کو اٹلی کے ایک فضائی اڈے سگونیلا میں رکھا جائے گا اور انھیں چھے سو فوجیوں/اہلکاروں پر مشتمل عملہ چلائے گا۔

نیٹو تنظیم کو حال ہی میں لیبیا میں مقتول صدر کرنل معمرقذافی کی فوج کے خلاف جنگ کے دوران اہداف کی نشاندہی اور ان کی نگرانی کے لیے ڈرونز کی سب سے زیادہ ضرورت محسوس ہوئی تھی۔اس وقت نیٹواتحادیوں کو امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں پر ہی انحصار کرنا پڑرہا ہے اور اسی لیے انھوں نے اب اپنے لیے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔