فرانسیسی سینٹ کی طرف سے "العربیہ" کے نامہ نگار کے لیے گولڈ میڈل کا اعزاز
ایوارڈ ایران اور عراق کے بارے میں شاندار رپورٹنگ پر دیا گیا
فرانس کی سینٹ کی جانب سے "العربیہ" کے سینئر صحافی نجاح محمد علی کو بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز شام ،ایران اور عراق کے بارے میں ان کی بہترین رپورٹنگ کے اعتراف میں دیا گیا۔
"العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے مطابق فرانسیسی سینٹ کے زیر اہتمام صحافی نجاح محمد علی کے اعزاز میں پیرس میں ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں نجاح علی کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سینٹ کے اراکین کی جانب سے محمد علی نجاح کی پیشہ ورانہ خدمات بالخصوص دہشت گردی اور شدت پسندی کےخلاف ان کی قلمی جنگ، عراق میں شدت پسند گروپوں پر دستاویزی فلموں کی تیاری، ایران میں اصلاحی تحریک کی حمایت اور مظلوموں کی آواز کو عالمی برادری تک پہنچانے کے اقدامات کی تحسین کی گئی۔ انہی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایوان کی جانب سے گولڈ میڈل پہنایا گیا۔
خیال رہے کہ نجاح محمد علی ایک کہنہ مشق صحافی ہیں۔ وہ ماضی میں مختلف عرب اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ وابستہ رہے۔ ان دنوں وہ معروف نیوزچینل "العربیہ "کے ایرانی امور کے چیف ایڈیٹر ہیں۔ انہوں نے ایران سمیت مختلف عرب ملکوں کے سیاسی حالات اور انسانی حقوق کے موضوعات پر کئی کتابیں لکھیں۔
فرانس کی سینٹ کی جانب سے صحافت، سائنس اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بلا تفریق مذہب اور قوم وملت اس طرح کے اعزازات دیے جاتے رہے ہیں، جو فرانسیسی ایوان کا ایک خاصہ ہیں۔
اس موقع پر نجاح محمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک ذرائع ابلاغ صرف رپورٹنگ کا نام نہیں بلکہ وہ مظلوم اور پِسے ہوئے طبقات کے بنیادی حقوق پر آواز اٹھانے کو اپنی اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ صحافت کا مطلب صرف اپنے پیشے کے ساتھ وابستگی نہیں۔ سچ کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں کی مشکلات کے اظہار اور تمام فاسد قدروں کے خلاف قلم کی جنگ ہمارا فرض ہے۔
مسٹر نجاج نے فرانسیسی سینٹ سے ملنے والے گولڈ میڈل کے اس ہدیے کو اپنے خاندان، دوستوں، مظلوم عراقی اور فلسطینی عوام، آزادی اور بنیادی حقوق کے لیے بر سر پیکار دنیا بھر کی اقوام، ایران کے اصلاح پسند لیڈروں مہدی کروبی اور حسین موسوی، العربیہ نیوز چینل کے ڈائریکٹر عبدالرحمان الراشد، ڈائریکٹر نیوز، ٹی وی کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور ان تمام صحافیوں کے نام جو اپنی پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کی پاداش میں ظالم حکومتوں کی جیلوں میں مقید ہیں کے نام منسوب کیا۔
تیونس کی ایک خاتون صحافی نادیہ علی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی سینٹ کے عالمی سیاسی معاملات اور انسانی حقوق کے امور میں خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سینٹ دنیا کا قدیم ترین جمہوری فورم ہے جو انسانی حقوق، جمہوری آزادیوں کے حصول اور آمریت کےخلاف آواز اٹھاتا اوراس میدان میں کام کرنے والے مختلف پیشہ ور ماہرین کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔ فرانسیسی سینٹ کی جانب سے سنہ 2003ء میں عراق پر امریکی یلغار کی بھی شدید مخالفت کی گئی تھی اور عراقی عوام کو مظلوم قرار دیا تھا۔
نادیہ علی نے العربیہ ٹی وی کے نامہ نگار نجاح محمد علی کی پیشہ ورانہ خدمات کی بھی تحسین کی۔ خاص طور پر ان کی ایران کے بارے میں جاندار رپورٹنگ اور ایرانی اصلاح پسندوں کی مشکلات کو اجا گر کرنے کو مظلوموں کی ایک بڑی خدمت قرار دیا۔