منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: منگل 27 ربيع الثاني 1433هـ - 20 مارچ 2012م KSA 09:44 - GMT 06:44

اقدام حقیقی مسائل سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش

مصر میں"ویاگرا" کے نرخوں میں اچانک ساٹھ فی صد کمی

منگل 27 ربيع الثاني 1433هـ - 20 مارچ 2012م
"ویاگرا" کی قمیت میں کمی پر مصری اخباری کا خاکے کی صورت میں ادارتی تبصرہ
"ویاگرا" کی قمیت میں کمی پر مصری اخباری کا خاکے کی صورت میں ادارتی تبصرہ
دبئی ۔ علاء المنشاوی

امریکا کی ایک کمپنی نے قوت باہ میں اضافے کی دوا "ویاگرا" کی مصر میں قیمت ساٹھ فی صد کم کر دی ہے۔ دنیا بھر میں "ویاگرا" کا کاروبار کرنے والی کمپنی "فائزر" نے مصر میں اپنی مشہور زمانہ دوا کی قیمت میں اچانک کمی کی ہے۔ کمی کے اعلان سے قبل"ویاگرا" کا ایک کیپسول27 مصری پاؤنڈ میں فروخت کیا جاتا تھا جبکہ نئے نرخوں کے مطابق اب اس کی قیمت فی کیسپول دس پاؤنڈی یا ڈیڑھ امریکی ڈالر کے برابر وصول کی جائے گی۔

"العربیہ ڈاٹ نیٹ" کی ایک رپورٹ کے مطابق ادویہ ساز امریکی کمپنی کی جانب سے مصر میں اپنی مصنوعات کی قیتموں میں کمی ایک ایسے وقت میں کی ہے جب قاہرہ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں سرد مہری پائی جا رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تلخی اس وقت پیدا ہوئی جب گذشتہ برس اکتوبر میں چند این جی اوز سے وابستہ امریکی اہلکاروں کو مصر میں سیاسی سرگرمیوں کےالزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ گو کہ امریکیوں کو واپس ان کے ملک بھیج دیا گیا ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں سرد مہری بدستور قائم ہے۔

امریکی کمپنی کی جانب سے مردانہ طاقت کی دوا کی قیمت میں کمی پر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مزاحیہ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے فیصلے کو"سیاسی ویاگرا" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوا کی قیمتوں میں کمی عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مصر کو اس وقت قوت باہ کی دوا میں کمی نہیں بلکہ 25 جنوری 2011ء کے انقلاب کے بعد مصری پاؤنڈ کے عالمی مارکیٹ میں گرتی ہوئی قدر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں مصر کے نگراں وزیر اعظم ڈاکٹر کمال الجنزوری نے امریکا پر واضح کیا تھا کہ مصر میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے معاملے میں کوئی غیر مُلکی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ نیز یہ کہ غیر ملکی دولت کو سیاست میں استعمال کرنے کے مرتکب افراد کےخلاف مصری قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ "ویاگرا" دوا تیار کرنے والی کمپنی"فائزر" کے کئی ممالک میں کارخانے کام کر رہے ہیں۔ مصر میں بھی اس کا ایک کارخانہ موجود ہے، جو "ویاگرا" کی مختلف اقسام تیار کرتا ہے۔
مصر میں قوت باہ میں اضافے کے لیے مخصوص دوا کی قیمت میں ایک ایسے وقت میں کمی کی گئی ہے جب مصری معیشت بری طرح زبوں حالی کا شکار ہے۔ گذشتہ برس جنوری میں سابق آمر صدر حسنی مبارک کے خلاف برپا ہونے والے عوامی انقلاب اور اس کے مابعد معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

مصری پاؤنڈ کی غیر ملکی کرنسی کے مقابلے میں قدر تیزی کے ساتھ گرتی جا رہی ہے، جو ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کا بڑا سبب ہے۔ کمر توڑ مہنگائی اور پاؤنڈ کی قدر میں کمی کے باعث 1400 فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔ خستہ حال معیشت کے باعث یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ پیش آئند چند ماہ کے دوران مصر کے مرکزی بنک میں پاؤنڈ کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں صفر ہو جائے گی۔

مصری وزارت صحت نے "ویاگرا" کی قیمتوں میں کمی کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں ایک سو ملی گرام ویاگرا کی گولی 13 پاؤنڈ میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ کمی سے پہلے پچاس ملی گرام گولی کی قیمت 26 پاؤنڈ تھی۔ خیال رہے کہ "ویاگرا" کی قیمت میں کمی کے بعد مصر، عرب ممالک میں واحد ملک ہے جس میں ویاگرا کی قیمت میں اتنی کمی کر دی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات اس اعتبار سے عرب ممالک میں مہنگی ویاگرا خریدنے میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں اس کی قیمت میں آٹھ سو فی صد اضافہ ہو چکا ہے۔ اس وقت بھی متحدہ عرب امارات میں ویاگرا کی پچاس ملی گرام کی گولی 83 مصری پاؤنڈ میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ مصر میں اس کی قیمت تیرہ پاؤنڈ ہے۔