منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: ہفتہ 08 جمادى الأولى 1433هـ - 31 مارچ 2012م KSA 14:39 - GMT 11:39

"دہشت گردوں" کے ہاتھوں 6134 افراد کی ہلاکت کا اعتراف

شامی مندوب کا سیکیورٹی کونسل کو تحریر کردہ خط العربیہ کو موصول

ہفتہ 08 جمادى الأولى 1433هـ - 31 مارچ 2012م
العربیہ ڈاٹ نیٹ

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار الجعفری نے سلامتی کونسل کے چیئرمین کو ایک مراسلہ تحریر کیا ہے جس کے مطابق ان کے گذشتہ ایک برس کے دوران مسلح دہشت گردوں کے حملوں سے ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

الجعفری کے اس مراسلے کی "العربیہ" نیوزچینل کو ملنے والی کاپی کے مطابق میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2011ء کے بعد سے اب تک مسلح دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں 6143 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمارکےمطابق گذشتہ ایک سال کے دوران پُرتشدد واقعات میں نو ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بشار الجعفری کے مراسلےمیں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران مبینہ دہشت گردوں کے حملوں میں 3211 عام شہری، 478 پولیس اہلکار، 2088 مسلح افواج کے سپاہی اور 56 بچے شامل ہیں۔ 106 افراد کو براہ راست گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

مراسلے کے مطابق ایک سال کے دوران پرتشدد واقعات میں 1560 افراد کو اغواء کیا گیا، جن میں سے 931 افراد تا حال لاپتہ ہیں۔ بشار الجعفری نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے فراہم کردہ اعداد و شمار کو سرکاری دستاویز کے طور پر زیر غور لائیں اور اس کی کاپیاں دیگر تمام رکن ممالک کو فراہم کی جائیں۔

فائرنگ کی آوازیں

شامی مندوب کے خط کا عکس

ادھر شامی انقلاب کونسل کی قیادت نے ہفتے کی صبح دمشق کے وسطی علاقے العباسین اسکوائر سے شدید فائرنگ کی آوازوں کی اطلاع دی ہے۔

شامی شہر ادلب کے مضافات سے بشار الاسد کی فوج کے متعدد مزید افسروں اور جوانوں نے علاحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر کے "انقلاب شیلڈ بریگیڈ" تشکیل دیا ہے۔

انقلابی کوارڈی نیشن کمیٹیوں کے آلائنس کے حوالے العربیہ ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ دیر الزور کے علاقے میں قومی سلامتی کے دفتر میں بم دھماکا ہوا۔ مقامی کوارڈی نیشن کمیٹیوں نے جمعہ کے روز شام کے طول و عرض میں 55 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

درایں اثنا دمشق جانے والے شاہراہ پر جوبر کے مقام پر قائم شامی فوج کی چیک پوسٹ پر مزید نفری بجھوائی جا رہی ہے ۔ فورتھ کور کے مزید دو سو جوبر جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اسد کو اوگلو کا انتباہ

اتوار کے روز استنبول میں دوستان شام کانفرنس کے انعقاد سے پہلے ترک وزیر خارجہ داؤد اوگلو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کانفرنس میں شام کی قومی کونسل کو شامی عوام کی نمائندہ تنظیم کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شامی عوام کی مدد کی خاطر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے شامی صدر پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام کا قتل عام روکیں۔ دمشق، بحران کے حل کی خاطر بین الاقوامی مندوب کے نقشہ راہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

داؤد اوگلو نے بین الاقوامی برادی کو دبے الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب تک یو این سیکیورٹی کونسل نے شام کو فیصلہ کن پیغام نہیں دیا ہے۔ بہ قول اوگلو، چین اور روس نے یو این میں شام کے خلاف قراردادوں کو ویٹو کر کے دمشق کو بالواسطہ یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے عوام کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔