"عرب آئیڈیل" کے شاہانہ گاؤن کی تیاری میں 13 لاکھ ڈالر خرچ

برطانوی شہزادی کے عروسی لہنگے سے سات گنا مہنگا

نشر في:

"العربیہ" کے مادر گروپ مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ایم بی سی) کے شُہرہ آفاق پروگرام"عرب آئیڈیل" کے ایک حالیہ مقابلے میں متحدہ عرب امارات کی معروف گلوکارہ احلام نے جو سوٹ زیب تن کر رکھا تھا اس کی تیاری میں تیرہ لاکھ ڈالرز خرچ کیےگئے تھے۔

احلام کا یہ "شاہانہ" گاؤن برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن کی ملکہ برطانیہ کے پوتے ولیم کے ساتھ شادی کے موقع پر تیارکردہ عروسی سوٹ سے سات گنا زیادہ مہنگا ہے۔ شہزادی کیٹ کے عروسی لباس کی قیمت تین لاکھ ساٹھ ہزار ڈالرز تھی۔

اماراتی گلوکارہ احلام کا ڈریس معروف فیشن ڈیزائنر طونی یعقوب کی نگرانی میں تیار کیا گیا تھا۔ یہ طونی یعقوب وہی شخص ہیں جنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ احلام کے پاس ہیرے جواہرات کا ایک گراں قیمت سیٹ ہے اور وہ پروگرام میں مقابلے کے دوران اس سیٹ کو پہننا چاہتی ہیں۔

طونی یعقوب کے مطابق احلام کے پاس موجود ہیرے جواہرات سے جڑے زیور کی قیمت چھ ملین اماراتی درہم کے مساوی تھی۔ مزید یہ کہ احلام جیولری کے اسی سیٹ کے رنگ کا ایک "گاؤن" تیار کرانا چاہتی تھی جسے اس نے "عرب آئیڈیل" کے مقابلے میں زیب تن کرنا تھا۔ چنانچہ احلام کی ہدایت کے مطابق ایسا ہی سوٹ تیار کیا گیا۔

احلام کا مقابلے میں استعمال کیے جانے والے سوٹ کے لیے ریشمی کپڑا سوئٹرز لینڈ سے منگوایا گیا تھا جس پر لیزر مشین کے ذریعے کڑہائی کی گئی۔ احلام کے سوٹ پر کیے گئے ڈیزائن کے نقش ونگار اس کی چوڑیوں اور کان کی بالیوں سے مشابہ تھے، جس کے زیب تن کیے جانے کے بعد اس کی دلکشی میں اور بھی اضافہ کر دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر آنے والی اطلاعات کے مطابق احلام کے سوٹ میں 40 قیراط خالص ہیرے جواہرات اور کئی نایاب ہیرے بھی جڑے گئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر اداکارہ احلام پرسخت تنقید بھی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی معروف اداکارہ احلام نے حال ہی میں"عرب آئیڈیل" کے ایک مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ مقابلے میں مصری اداکارہ کارمن سلیمان کامیاب قرار دی گئی تھی۔