مصر کی سب سے منظم اور بڑی دینی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع نے اپنے نائب انجینئر خیرت الشاطر کو پیش آئند صدارتی انتخاب لڑنے کے لئے نامزد کیا ہے۔
اخوان المسلمون نے ماضی میں صدارتی انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اتوار کے روز اپنے سابقہ فیصلے کے خلاف مرشد عام نے خیر الشاطر کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔ اس اعلان کے بعد اخوان کے نامزد امیدوار خیرت الشاطر نے نائب مرشد کے اپنے تنظیمی عہدے سے استعفی پیش کیا کیونکہ انتخاب میں شرکت کے لئے ان کا ایسا کرنا ضروری تھا۔
فیس بک پر اخوان المسلمون نے اس نامزدگی کے بارے میں کہا ہے کہ تنظیم نے مئی میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں شرکت کی خاطر اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ اخوان کے سیاسی ونگ "فریڈم اینڈ ڈیوپلمنٹ" کی پارلیمانی پارٹی نے ہفتے کے روز خیرت الشاطر کی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کی توثیق کی تھی۔
اخوان کے نامزد صدارتی امیدوار تنظیم کے نائب مرشد عام رہ چکے ہیں۔ وہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہونے کے علاوہ تنظیم میں سیکیورٹی امور کے وزیر سمجھے جاتے ہیں۔