سعودی عرب: 4 ماہ میں منشیات کے 681 اسمگلرز گرفتار
46 کروڑ ڈالرز کی منشیات برآمد
سعودی عرب میں گذشتہ چار ماہ کے دوران چھیالیس کروڑ ڈالرز مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث چھے سو اکاسی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے اتوار کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ''گرفتار کیے گئے مشتبہ اسمگلروں میں چھیانوے سعودی اور پانچ سو پچاسی تینتیس دوسرے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔یہ لوگ منشیات کی اسمگلنگ ،وصولی، منتقلی اور منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث تھے''۔
انھوں نے بتایا کہ پکڑی گئی منشیات میں ہیروئین، کوکین، حشیش اور نشہ آور ادویہ شامل ہیں۔ان کی مالیت چھیالیس کروڑ ڈالرز بنتی ہے۔اس کے علاوہ گرفتار افراد سے چوالیس لاکھ ڈالرز کی نقد رقم بھی برآمد کی گئی تھی۔
سعودی حکومت آئے دن منشیات اور خاص طور پر نشہ آور ادویہ کی بھاری مقدار ضبط کرنے اور ان کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی اطلاعات دیتی رہتی ہے۔گذشتہ ہفتے سعودی حکام نے اردن کے ساتھ واقع سرحد پر پندرہ لاکھ مالیت کی قوت بخش ممنوعہ دوا کپٹاگون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی اطلاع دی تھی۔فینتھلین کے نام سے جانی جانے والی اس دوا کا خلیجی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں استعمال عام ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں حرام کاری، قتل، ارتداد اور مسلح ڈکیتی کی طرح منشیات کی اسمگلنگ کی سزا بھی موت ہے اور اب تک سیکڑوں افراد کے اس جرم میں سر قلم کیے جا چکے ہیں۔