شامی انقلاب کونسل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ادلب شہر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بدھ کے روز 74 ہو گئی۔ سرکاری فوج اور شام کی فری آرمی کے درمیان حمص میں جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
انقلابی کمانڈ کونسل نے دمشق میں سیکیورٹی دفتر کے سیاسی ونگ اور شہر کے وسط میں المرجہ پولیس اسٹیشن کے باہر زوردار دھماکوں کی بھی اطلاع دی ہے۔ ادھر دمشق کے نواحی علاقے رنکوس پر سرکاری فوج نے گولا باری کی ہے۔ گولا باری کے لئے بھاری توپخانے کا استعمال کیا گیا۔ اس اثنا میں چالیس ٹینکوں کو رنکوس کی جانب پیش قدمی کرتے دیکھا گیا۔
دمشق کے قریبی علاقے معضمیہ الشام میں بھی بڑے پیمانے پر سیکیورٹی فورسسز کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ سرکاری فوج نے مسرابا کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران شہریوں کے موٹر سائیکل اور دیگر گھریلو سامان قبضے میں لے لئے۔
لندن میں قائم شام کی انسانی حقوق آبزویٹری نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شام کے وسطی علاقے حمص کی متعدد کالونیوں پر گولا باری اور فائرنگ سے بیس شہری ہلاک ہو گئے۔
آبزرویٹری کے مطابق حمص میں سرکاری فوج اور اس سے منحرف اہلکاروں کے درمیان جھڑپ میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ حماہ میں ایک شہری جبکہ مضافاتی علاقے میں تین افراد مارے گئے۔
شامی فوجیوں نے "اے ایف پی" کو بتایا کہ الرستن شہر پر منگل کی صبح سے گولا باری کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر دمشق میں بین الاقوامی ہلال احمر کمیٹی کے وفد نے شامی وزیر خارجہ ولید المعلم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ طرفین کمیٹی کی شام میں سرگرمیوں کی تکیمل میں سہولت پیدا کریں گے۔ اس مقصد کے لئے فریقین کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
دمشق میں ہلال احمر کے ترجمان صالح دباکہ نے بتایا کہ کمیٹی کے سربراہ معاہدے میں طے پانے والے امور کی نگرانی اور جائزے کی خاطر جلد شام آئیں گے۔ وہ اپنے دورے میں فوری جنگ بندی اور عام شہریوں کی مدد کے لئے ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے۔ اپنے دورہ شام میں وہ جیلوں میں قید شہریوں کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکا نے منگل کے روز ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ انہیں بر سر زمین کوئی ایسی دلیل نظر نہیں آتی کہ جس کی روشنی میں یہ کہا جا سکے کہ شام کے لئے بین الاقوامی اور عرب مندوب کوفی عنان کے تیارکردہ امن منصوبے پر عمل ہو رہا ہے حالانکہ دمشق نے فوری طور پر اس معاہدے پر عملدرآمد کا وعدہ کیا تھا۔