منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: بدھ 12 جمادى الأولى 1433هـ - 04 اپریل 2012م KSA 19:58 - GMT 16:58

محمودعباس کوغدار کہنے کی سزا،دوہفتے کے لیے زیرحراست

فیس بُک پر فلسطینی صدر کی توہین کے الزام میں خاتون لیکچرر گرفتار

بدھ 12 جمادى الأولى 1433هـ - 04 اپریل 2012م
فلسطینی سکیورٹی فورسز نے عصمت عبدالخالق کو صدر محمود عباس کی توہین کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
فلسطینی سکیورٹی فورسز نے عصمت عبدالخالق کو صدر محمود عباس کی توہین کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
رام اللہ( مغربی کنارہ)۔ایجنسیاں


مغربی کنارے میں فلسطینی سکیورٹی سروسز نے ایک خاتون لیکچرر کو سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بُک پر صدر محمودعباس کی توہین کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

مغربی کنارے کے شہر رام اللہ سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکنان نے بتایا ہے کہ یونیورسٹی لیکچررعصمت عبدالخالق کو فلسطینی سکیورٹی سروسز نے گذشتہ بدھ کو دوہفتے کے لیے گرفتار کیا تھا اور ان سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

خاتون لیکچرار نے اپنے فیس بُک صفحے پر فلسطینی صدر محمود عباس پر غدار ہونے کا الزام عاید کیا تھا اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔فلسطینی اتھارٹی کے تحت سکیورٹی فورسز نے یہ تحریر پڑھنے کے بعد انھیں گرفتار کرلیا تھا۔عصمت عبدالخالق کی اپنے خاوند سے علاحدگی ہوچکی ہے اور وہ دوبچوں کی ماں ہیں۔

فلسطین کی انسانی حقوق کی تنظیم الحق سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل اعصام عابدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی حکام نے خود پر تنقید کرنے والوں کے لیے عدم برداشت کا رویہ اختیار کررکھا ہے اور ایسے افراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی کو محدود کرنے پر ہمیں حقیقی طور پر تشویش لاحق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ''ہم یہ نہیں چاہتے کہ رپورٹر پہلے سے ہی اس خوف میں مبتلا ہوجائیں کہ انھیں ان کی تحریر پر کب گرفتار کرلیا جائے گا''۔

اعصام عابدین نے الزام عاید کیا کہ فلسطین کے پبلک پراسیکیوٹر نے سرکاری عہدے داروں کی توہین کے الزام میں گرفتار کیے گئے افراد کی حراستی مدت میں توسیع کے ضمن میں سخت رویہ اختیار کررکھا ہے۔واضح رہے کہ صدر یا دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کی توہین فلسطینی اتھارٹی کے تحت ایک جرم ہے۔

دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے پبلک پراسیکیوٹر احمد المغنی کا کہنا ہے کہ خاتون کی تحریر آزادی اظہار سے ماورا تھی ،اسی لیے انھیں حراست میں لیا گیا ہے۔اعصام العابدین کے بہ قول عصمت نے صدر محمودعباس کو غدار لکھنے کے علاوہ ان پر یہ بھی الزام عاید کیا کہ وہ شہید فلسطینیوں کی قبروں پر دھندے کرنے والوں کے ساتھی بن گئے ہیں''۔لیکن خاتون نے ایسے الفاظ لکھنے کی تردید کی ہے۔