منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: ہفتہ 15 جمادى الأولى 1433هـ - 07 اپریل 2012م KSA 23:55 - GMT 20:55

خواتین اور بچوں کو سخت پہرے میں ایک کمرے میں مقید دیکھا جا سکتا ہے

اسامہ کے اہل خانہ کی حراستی مرکز سے خصوصی ویڈیو "العربیہ" پر جاری

ہفتہ 15 جمادى الأولى 1433هـ - 07 اپریل 2012م
العربیہ ڈاٹ نیٹ

گیارہ ماہ قبل پاکستان کے شہر ابیٹ آباد میں امریکی آپریشن کے دوران مارے جانے والے القاعدہ کے رہ نما اسامہ بن لادن کے بچوں، پوتے اور پوتیوں کی ایک ویڈیو "العربیہ" ٹی وی نے خصوصی طور پر حاصل کی ہے۔ اس ویڈیو میں گھر کے ایک کمرے میں خواتین اور بچے زیر حراست دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان پر حکومت پاکستان نے کڑا پہرہ لگا رکھا ہے۔

ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کو جس گھر میں قید رکھا گیا ہے وہ زیر زمین واقع ہے، یا پھر یہ ایسا کمرہ ہے کہ جس میں سورج کی روشنی داخل نہیں ہو سکتی۔ اسامہ بن لادن کے برادر نسبتی زکریا السادہ، جو مقتول کی یمنی بیوہ کے بھائی ہیں، ایک سے زائد مرتبہ یہ بات علانیہ کہہ چکے ہیں کہ اسامہ کے اہل خانہ جس مکان میں قید تھے وہاں سورج کی روشنی کا گذر نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ اسامہ کے خاندان کی حراستی مدت کا خاتمہ اب دنوں کی بات ہے کیونکہ پاکستان کی ایک سول عدالت اسامہ کہ بیوگان اور بچوں کو پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخلے کی سزا کے طور پر ملک بدری کا حکم صادر کر چکی ہے۔ توقع ہے کہ ملک بدری کی کارروائی 18 اپریل تک مکمل ہو جائے گی۔

اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کی ملک بدری سے پاکستان اور افغانستان کی تاریخ کا ایک اہم باب بند ہو جائے گا، تاہم اس اہم پیش رفت کی بہت سی دوسری تفصیل ابھی منظر عام پر آنا باقی ہے۔ اسامہ کی بیوگان کی اپنے ملک پہنچنے کے بعد اس اہم تاریخ کا ایک نیا باب کھلے گا، جس میں دو مئی 2011ء کو ہونے والے امریکی آپریشن سے متعلق چشم کشا انکشافات سامنے آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔